کیا مریم خدا کی ماں ہیں؟
پاک کلام کا جواب
جی نہیں۔ بائبل میں کہیں یہ تعلیم نہیں دی گئی کہ مریم خدا کی ماں ہیں اور نہ ہی مسیحیوں سے یہ کہا گیا ہے کہ اُنہیں مریم کی عبادت یا تعظیم کرنی چاہیے۔ a غور کریں:
مریم نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کِیا تھا کہ وہ خدا کی ماں ہیں۔ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ مریم نے ”خدا کے بیٹے“ کو جنم دیا نہ کہ خدا کو۔—مرقس 1:1؛ لُوقا 1:32۔
یسوع مسیح نے کبھی یہ نہیں کہا کہ مریم خدا کی ماں ہیں یا اُنہیں حد سے زیادہ تعظیم دی جانی چاہیے۔ ایک موقعے پر یسوع نے ایک عورت کی اِصلاح کی جس نے مریم کو یسوع کی ماں ہونے کے ناتے خاص تعظیم دی۔ اُنہوں نے کہا: ”نہیں، بلکہ وہ شخص برکت والا ہے جو خدا کے کلام کو سنتا ہے اور اُس پر عمل کرتا ہے۔“—لُوقا 11:27، 28۔
اِصطلاح ”خدا کی ماں“ اور ”تھیوتوکوس“ (یعنی خدا کو جنم دینے والی) بائبل میں کہیں نہیں پائی جاتی۔
بائبل میں اِصطلاح ”آسمان کی ملکہ“ مریم کے لیے نہیں بلکہ اُس دیوی کے لیے اِستعمال ہوئی ہے جسے خدا سے برگشتہ اِسرائیلی پوجتے تھے۔ (یرمیاہ 44:15-19) ”آسمان کی ملکہ“ شاید بابلیوں کی دیوی عشتار (عستارات) تھی۔
اِبتدائی مسیحی، مریم کی عبادت نہیں کرتے تھے اور نہ ہی اُنہیں کوئی خاص قسم کی تعظیم دیتے تھے۔ ایک تاریخ دان نے کہا کہ اِبتدائی مسیحیوں نے ”فرقوں کو رد کر دیا ہوگا اور غالباً اُنہیں خدشہ ہوگا کہ اگر مریم کو غیرضروری تعظیم دی جائے تو شاید اُنہیں ایک دیوی کے طور پر پوجا جانے لگے۔“—کتاب ”اِن کوئسٹ آف دی جیوش میری۔“
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ خدا ہمیشہ سے موجود ہے۔ (زبور 90:1، 2؛ یسعیاہ 40:28) چونکہ خدا کی کوئی اِبتدا نہیں ہوئی اِس لیے اُس کی کوئی ماں نہیں ہو سکتی۔ بائبل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خدا تو آسمانوں میں بھی نہیں سما سکتا تو پھر وہ مریم کے رحم میں کیسے سما سکتا تھا۔—1-سلاطین 8:27۔
مریم خدا کی نہیں بلکہ یسوع کی ماں تھیں
مریم یہودی تھیں اور بادشاہ داؤد کی نسل سے تھیں۔ (لُوقا 3:23-31) وہ خدا پر ایمان رکھتی تھیں اور اُس کی بندگی کرتی تھیں اِس لیے خدا نے اُنہیں برکت دی۔ (لُوقا 1:28) خدا نے اُنہیں یسوع کی ماں بننے کے لیے چُنا۔ (لُوقا 1:31، 35) مریم اور اُن کے شوہر یوسف کے اَور بھی بچے ہوئے۔—مرقس 6:3۔
اگرچہ بائبل سے ظاہر ہوتا ہے کہ مریم یسوع کی پیروکار بن گئیں لیکن اُن کے بارے میں بہت زیادہ معلومات نہیں دی گئیں۔—اعمال 1:14۔
a بہت سے مذہبی فرقے یہ تعلیم دیتے ہیں کہ مریم خدا کی ماں ہیں۔ شاید وہ مریم کو ”آسمان کی ملکہ“ یا ”تھیوتوکوس“ کہیں جو کہ یونانی زبان کا لفظ ہے اور اِس کا مطلب ”خدا کو جنم دینے والی“ ہے۔