باب نمبر ۳۶
کن مُردوں کو زندہ کِیا جائے گا اور وہ کہاں رہیں گے؟
کیا آپ کو یاد ہے کہ ہم نے پچھلے دو باب میں کتنے لوگوں کے بارے میں پڑھا تھا جن کو زندہ کِیا گیا؟ ...... پانچ لوگوں کے بارے میں۔ اِن میں سے کتنے بچے تھے؟ ...... تین۔ اور ایک کے بارے میں کہا گیا کہ وہ جوان تھا۔ اِس سے ہمیں کیا پتہ چلتا ہے؟ ......
اِس سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ خدا کو بچوں اور نوجوانوں سے بڑا پیار ہے۔ لیکن کیا خدا صرف بچوں اور نوجوانوں کو زندہ کرے گا؟ نہیں، وہ اَور بھی لوگوں کو زندہ کرے گا۔ کیا خدا صرف اچھے لوگوں کو زندہ کرے گا؟ ...... آپ نے دیکھا ہوگا کہ بہت سے لوگ اِس لئے بُرے کام کرتے ہیں کیونکہ اُن کو یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کے بارے میں سچی باتیں نہیں سکھائی گئی ہیں۔ جب ایسے لوگ مر جاتے ہیں تو کیا یہوواہ خدا اُن کو زندہ کرے گا؟ ......
بائبل میں لکھا ہے: ”راستبازوں اور ناراستوں دونوں کی قیامت ہوگی۔“ (اعمال ۲۴:۱۵) اِس کا مطلب ہے کہ خدا صرف اچھے لوگوں کو نہیں بلکہ بُرے لوگوں کو بھی زندہ کرے گا۔ لیکن آپ کے خیال میں خدا بُرے لوگوں کو کیوں زندہ کرے گا؟ ...... اِس لئے کہ اُن کو یہوواہ خدا اور اُس کی مرضی کے بارے میں سیکھنے کا موقع نہیں ملا۔ اگر وہ خدا کے بارے میں سیکھتے تو شاید وہ بُرے کام نہیں کرتے۔
کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہوواہ خدا مُردوں کو کب زندہ کرے گا؟ ...... یاد ہے کہ جب لعزر مر گئے تو یسوع مسیح نے اُن کی بہن مرتھا سے کہا کہ ”تمہارا بھائی جی اُٹھے گا۔“ اِس پر مرتھا نے کہا: ”مَیں جانتی ہوں کہ وہ آخری دن پر قیامت میں جی اُٹھے گا۔“ (یوحنا ۱۱:۲۳، ۲۴) مرتھا کیسے جانتی تھیں کہ لعزر آخری دن پر زندہ ہوں گے؟ ......
مرتھا جانتی تھیں کہ یسوع مسیح نے کہا تھا: ”وہ وقت آنے والا ہے جب مُردے قبروں سے باہر نکل آئیں گے۔“ (یوحنا ۵:۲۸، ۲۹) اِس سے مرتھا سمجھ گئی تھیں کہ خدا مُردوں کو آخری دن پر زندہ کرے گا۔ یہ دن ۲۴ گھنٹے کا نہیں ہوگا بلکہ یہ دن ایک ہزار سال لمبا ہوگا۔ اُس عرصے کے دوران مُردے زندہ ہوں گے۔ بائبل میں لکھا ہے کہ خدا آخری دن پر ”زمین پر رہنے والے لوگوں کی عدالت کرے گا۔“—اعمال ۱۷:۳۱؛ ۲-پطرس ۳:۸۔
اِن ہزار سال کے دوران خدا لاکھوں مُردوں کو زندہ کرے گا۔ یہ کتنا اچھا وقت ہوگا! اِن لوگوں کو کہاں زندہ کِیا جائے گا؟ یسوع مسیح نے کہا کہ وہ فردوس میں رہیں گے۔ آئیں، دیکھیں کہ فردوس کہاں ہوگا اور اُس میں حالات کیسے ہوں گے۔
جب یسوع مسیح سُولی پر لٹکے ہوئے تھے تو اُنہوں نے ایک ڈاکو کو فردوس کے بارے میں بتایا۔ وہ ڈاکو بھی ایک سُولی پر لٹکا ہوا تھا۔ لوگ یسوع مسیح کے ساتھ بہت بُرا سلوک کر رہے تھے۔ ڈاکو نے دیکھا کہ یسوع مسیح یہ سب کچھ بڑے صبر سے برداشت کر رہے ہیں۔ اِس لئے وہ یسوع مسیح پر ایمان لے آیا۔ لوقا ۲۳:۴۲، ۴۳۔
اِس ڈاکو نے یسوع مسیح سے کہا: ”جب آپ اپنی بادشاہت میں آئیں گے تو مجھے یاد کریں۔“ یسوع مسیح نے اُس کو جواب دیا: ”تُم میرے ساتھ فردوس میں ہوگے۔“—آپ کے خیال میں یہ فردوس کہاں ہوگا؟ ...... ذرا سوچیں کہ شروع میں فردوس کہاں تھا؟ ...... یاد ہے کہ جب خدا نے آدم اور حوا کو بنایا تھا تو اُس نے اُنہیں زمین پر فردوس میں بسایا تھا۔ یہ ایک خوبصورت باغ تھا جس کا نام باغِعدن تھا۔ فردوس میں بہت سارے جانور تھے لیکن وہ کسی کو نقصان نہیں پہنچاتے تھے۔ فردوس میں بہت سے درخت بھی تھے جن پر مزےمزے کے پھل لگے تھے۔ اِس میں ایک بڑا دریا بھی تھا۔ یہ باغ بہت ہی شاندار تھا!—پیدایش ۲:۸-۱۰۔
اِس سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ جب یسوع مسیح نے ڈاکو سے کہا کہ ”تُم فردوس میں ہوگے“ تو وہ زمین کی بات کر رہے تھے۔ اِس کا مطلب ہے کہ پوری زمین فردوس بن جائے گی۔ کیا یسوع مسیح اُس ڈاکو کے ساتھ زمین پر ہوں گے؟ ...... یسوع مسیح زمین پر فردوس میں نہیں ہوں گے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ زمین پر کیوں نہیں ہوں گے؟ ......
اِس لئے کہ یسوع مسیح آسمان پر ہوں گے اور وہاں سے زمین پر رہنے والے لوگوں پر حکومت کریں گے۔ تو پھر یسوع مسیح نے کیوں کہا تھا کہ وہ ڈاکو کے ساتھ ہوں گے؟ وہ اِس لحاظ سے ڈاکو کے ساتھ ہوں گے کہ وہ اُس کو زندہ کریں گے اور اُس کی ضروریات پوری کریں گے۔ لیکن آپ کے خیال میں یسوع مسیح ایک ڈاکو کو فردوس میں کیوں رہنے دیں گے؟ ...... آئیں، دیکھتے ہیں۔
کیا ڈاکو، یسوع مسیح سے بات کرنے سے پہلے خدا کی مرضی کے بارے میں جانتا تھا؟ ...... وہ خدا کی مرضی کے بارے میں نہیں جانتا تھا۔ اِس لئے اُس نے بُرے کام کئے تھے۔ جب اُسے فردوس میں زندہ کِیا جائے گا تو وہ خدا کی مرضی کے بارے میں سیکھے گا۔ اِس کے بعد اگر وہ خدا کی مرضی پر چلے گا تو یہ ظاہر ہو جائے گا کہ وہ خدا سے پیار کرتا ہے۔
جن مُردوں کو زندہ کِیا جائے گا، کیا وہ سب زمین پر رہیں گے؟ آپ کا کیا خیال ہے؟ ...... وہ سب زمین پر نہیں رہیں گے۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ کیوں؟ ...... کیونکہ کچھ مُردوں کو آسمان پر رہنے کے لئے زندہ کِیا جائے گا۔ وہاں وہ بادشاہ ہوں گے اور یسوع مسیح کے ساتھ اُن لوگوں پر حکومت کریں گے جو زمین پر رہیں گے۔ ہم یہ کیسے جانتے ہیں؟
یسوع مسیح نے مرنے سے پہلے اپنے رسولوں سے کہا: ”میرے باپ کے گھر میں بہت سے مکان ہیں۔ مَیں تمہارے لئے جگہ تیار کرنے کے لئے وہاں جا رہا ہوں۔“ پھر یسوع مسیح نے اُن سے وعدہ کِیا: ”مَیں واپس آکر تمہیں اپنے ساتھ لے جاؤں گا تاکہ جہاں مَیں ہوں، تُم بھی ہو۔“—یوحنا ۱۴:۲، ۳۔
یوحنا ۱۷:۴، ۵) اُنہوں نے اپنے رسولوں سے وعدہ کِیا کہ وہ اُن کو زندہ کرکے اپنے ساتھ آسمان پر لے جائیں گے۔ یسوع مسیح کے رسولوں کے علاوہ اُن کے کچھ اَور شاگرد بھی آسمان پر جائیں گے۔ یہ سب ”پہلی قیامت میں شریک ہوں گے۔“ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہ لوگ آسمان پر کیا کریں گے؟ ...... بائبل میں بتایا گیا ہے کہ وہ یسوع مسیح کے ساتھ ”ہزار سال تک بادشاہت کریں گے۔“—مکاشفہ ۵:۱۰؛ ۲۰:۶؛ ۲-تیمتھیس ۲:۱۲۔
ذرا سوچیں کہ جب یسوع مسیح کو زندہ کِیا گیا تو وہ کہاں چلے گئے؟ ...... وہ اپنے باپ کے پاس آسمان پر چلے گئے۔ (کیا آپ جانتے ہیں کہ کتنے لوگ پہلی قیامت میں شریک ہوں گے اور یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کریں گے؟ ...... یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے کہا: ”اَے چھوٹے گلّے! ڈرو مت! کیونکہ تمہارے باپ کی خوشی اِسی میں ہے کہ وہ تمہیں بادشاہت دے۔“ (لوقا ۱۲:۳۲) جو لوگ یسوع مسیح کے ساتھ بادشاہت کریں گے، وہ ایک چھوٹا گلّہ ہیں۔ اِس چھوٹے گلّے میں کتنے لوگ ہوں گے؟ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ اِس میں ”ایک لاکھ ۴۴ ہزار“ لوگ ہوں گے۔—مکاشفہ ۱۴:۱، ۳۔
آپ کے خیال میں کتنے لوگ زمین پر فردوس میں رہیں گے؟ ...... بائبل میں یہ نہیں بتایا گیا ہے۔ لیکن آپ کو یاد ہوگا کہ خدا چاہتا تھا کہ آدم اور حوا کے بہت سے بچے ہوں اور زمین اچھے لوگوں سے بھر جائے۔ خدا کی یہ مرضی پوری نہیں ہوئی کیونکہ آدم اور حوا نے خدا کا کہنا نہیں مانا۔ تو پھر کیا ایک ایسا وقت آئے گا جب پوری زمین پر صرف اچھے لوگ رہیں گے؟ جی، کیونکہ خدا جو کچھ کہتا ہے، اُسے پورا بھی کرتا ہے۔—پیدایش ۱:۲۸؛ یسعیاہ ۴۵:۱۸؛ ۵۵:۱۱۔
فردوس میں زندگی بڑی اچھی ہوگی۔ پوری زمین ایک خوبصورت پارک بن جائے گی۔ اِس میں طرحطرح کے پرندے اور جانور ہوں گے۔ اِس میں خوبصورت درخت اور رنگبرنگے پھول بھی ہوں گے۔ کوئی بیمار نہیں ہوگا اور لوگ ہمیشہ تک زندہ رہ سکیں گے۔ سب لوگ ملجُل کر رہیں گے اور ایک دوسرے کے دوست ہوں گے۔ اگر ہم بھی ہمیشہ کے لئے اِس فردوس میں رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں ابھی سے تیاری کرنی پڑے گی۔
زمین کے لئے خدا کی مرضی کیا ہے؟ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں: امثال ۲:۲۱، ۲۲؛ واعظ ۱:۴؛ یسعیاہ ۲:۴؛ یسعیاہ ۱۱:۶-۹؛ یسعیاہ ۳۵:۵، ۶؛ اور یسعیاہ ۶۵:۲۱-۲۴۔