نکتہ 6
آیت کو پڑھنے کا مقصد واضح کریں
یوحنا 10:33-36
خلاصہ: کسی آیت کو پڑھنے کے فوراً بعد اگلے نکتے پر بات شروع نہ کریں۔ اِس کی بجائے سامعین پر واضح کریں کہ اِس آیت اور اُس نکتے میں کیا تعلق ہے جس پر آپ بات کر رہے ہیں۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
-
اہم الفاظ پر توجہ دِلائیں۔ کسی آیت کو پڑھنے کے بعد اُن الفاظ کو نمایاں کریں جن کا تعلق براہِراست اُس نکتے سے ہے جس پر آپ بات کر رہے ہیں۔ ایسا کرنے کے لیے آپ آیت میں درج اہم الفاظ کو دُہرا سکتے ہیں یا کوئی ایسا سوال پوچھ سکتے ہیں جس کے ذریعے سامعین اہم الفاظ کو پہچان سکیں۔
-
اہم نکتے پر زور دیں۔ اگر آپ کسی آیت کو پڑھنے سے پہلے یہ بتاتے ہیں کہ اِسے پڑھنے کا مقصد کیا ہے تو آیت پڑھنے کے بعد یہ واضح کریں کہ آیت میں درج اہم الفاظ کا اُس مقصد سے کیا تعلق ہے۔
-
آیت کو پڑھنے کا مقصد سادہ لفظوں میں بیان کریں۔ اُن تفصیلات پر بات نہ کریں جن کا زیرِغور نکتے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اِس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ آپ کے سامعین موضوع کے متعلق پہلے سے کیا کچھ جانتے ہیں، یہ فیصلہ کریں کہ اُنہیں آیت کے اِستعمال کا مقصد واضح طور پر سمجھانے کے لیے کتنی معلومات دینے کی ضرورت ہے۔