سبق3
راحب کا ایمان
بہت سال پہلے کی بات ہے۔ ایک شہر ہوا کرتا تھا جس کا نام یریحو تھا۔ یہ شہر ملک کنعان میں تھا اور اِس ملک کے لوگ یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتے تھے۔ شہر یریحو میں ایک عورت رہتی تھی جس کا نام راحب تھا۔
جب راحب چھوٹی تھیں تو اُنہوں نے بنیاِسرائیل اور یہوواہ خدا کے بارے میں بہت سی باتیں سنی تھیں۔ اُنہوں نے سنا تھا کہ موسیٰ نبی نے بنیاِسرائیل کو مصر سے آزاد کرایا تھا اور سمندر کے دو حصے کر دیے تھے۔ اُنہوں نے یہ بھی سنا تھا کہ بنیاِسرائیل یہوواہ خدا کی مدد سے دُشمنوں سے جیت گئے تھے۔ اب راحب بڑی ہو گئی تھیں۔ اُنہیں پتہ چلا کہ بنیاِسرائیل، شہر یریحو کے نزدیک ٹھہرے ہوئے ہیں۔
راحب نے جاسوسوں کی مدد اِس لیے کی کیونکہ وہ یہوواہ خدا پر ایمان رکھتی تھیں۔
ایک شام دو اِسرائیلی آدمی شہر یریحو میں جاسوسی کرنے آئے۔ وہ راحب کے گھر گئے۔ راحب نے اُن کو اپنے گھر میں چھپا دیا۔ جب رات ہوئی تو شہر یریحو کے بادشاہ کو پتہ چلا کہ اُن کے شہر میں جاسوس آئے ہیں اور وہ راحب کے گھر پر ہیں۔ بادشاہ نے اپنے سپاہیوں کو بھیجا تاکہ وہ اِن جاسوسوں کو پکڑ لیں۔ جب سپاہی راحب کے گھر آئے تو راحب نے جاسوسوں کو چھت پر چھپا دیا اور سپاہیوں سے کہا: ”میرے گھر پر وہ جاسوس آئے تھے لیکن وہ شہر سے چلے گئے ہیں۔ اگر آپ جلدی سے اُن کا پیچھا کریں تو آپ اُنہیں پکڑ سکتے ہیں۔“ کیا آپ کو پتہ ہے کہ راحب نے اِن جاسوسوں کی مدد کیوں کی؟— کیونکہ راحب یہوواہ خدا پر ایمان رکھتی تھیں۔ اُنہیں پتہ تھا کہ یہوواہ خدا بنیاِسرائیل کو ملک کنعان دے دے گا۔
جب جاسوس راحب کے گھر سے جا رہے تھے تو اُنہوں نے راحب سے ایک وعدہ کِیا۔ اُنہوں نے راحب سے کہا کہ ”جب ہم شہر یریحو پر حملہ کریں گے تو ہم آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو نہیں ماریں گے۔“ کیا آپ کو پتہ ہے کہ جاسوسوں نے راحب سے کیا کرنے کو کہا؟— اُنہوں نے راحب سے کہا: ”آپ ایک لال رسی کو اپنی کھڑکی سے باہر لٹکا دیں۔ جب ہم اِس شہر پر حملہ کریں گے تو ہم اِس رسی کو دیکھ کر آپ کے گھر کو چھوڑ دیں گے اور جو لوگ آپ کے گھر پر ہوں گے، اُن کو نہیں ماریں گے۔“ راحب نے جاسوسوں کی بات مانی۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ پھر کیا ہوا؟—
کچھ دنوں کے بعد بنیاِسرائیل شہر یریحو کے چاروں طرف چکر لگانے لگے۔ وہ چھ دن تک ہر روز ایک چکر لگاتے تھے۔ لیکن ساتویں دن اُنہوں نے سات بار شہر کے چاروں طرف چکر لگایا۔ پھر وہ سب مل کر زور سے چلّائے۔ اِس پر یہوواہ خدا نے شہر کی دیواروں کو گِرا دیا۔ لیکن جس گھر کی کھڑکی سے لال رسی لٹک رہی تھی، اُس گھر کی دیواریں نہیں
گِریں۔ کیا آپ کو تصویر میں یہ گھر اور لال رسی نظر آ رہی ہے؟— اِس گھر میں راحب اور اُن کے رشتےدار تھے اور وہ سب بچ گئے۔آپ نے راحب سے کیا سیکھا؟— راحب نے یہوواہ خدا کے بارے میں بہت سی اچھی باتیں سنی تھیں اور اِس لیے وہ یہوواہ خدا پر ایمان رکھتی تھیں۔ آپ بھی یہوواہ خدا کے بارے میں بہت اچھی باتیں سیکھ رہے ہیں۔ کیا آپ راحب کی طرح یہوواہ خدا پر ایمان رکھتے ہیں؟— شاباش، یہ بہت اچھی بات ہے!
اپنی بائبل میں اِن آیتوں کو پڑھیں:
-
یشوع 2:1-24؛ 6:1-5، 14، 15، 20-25