مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بارہ سال کے یسوع ہیکل میں مذہبی اُستادوں کے بیچ بیٹھے ہوئے ہیں۔‏

سبق نمبر 72

یسوع کا بچپن

یسوع کا بچپن

یوسف اور مریم یسوع اور اپنے باقی بیٹے بیٹیوں کے ساتھ ناصرت میں رہتے تھے۔ یوسف اپنے گھر والوں کی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے بڑھئی کا کام کرتے تھے۔ وہ اُنہیں یہوواہ اور اُس کی شریعت کے بارے میں بھی بتاتے تھے۔ سب گھر والے باقاعدگی سے یہوواہ کی عبادت کے لیے عبادت‌گاہ اور ہر سال عیدِفسح کے لیے یروشلم جاتے تھے۔‏

جب یسوع 12 سال کے تھے تو اُن کے سب گھر والے ہر بار کی طرح ایک لمبا سفر کر کے یروشلم گئے۔ شہر میں بہت بِھیڑ تھی کیونکہ لوگ عیدِفسح منانے کے لیے آئے ہوئے تھے۔ گھر واپس آتے وقت یوسف اور مریم کو لگا کہ یسوع باقی لوگوں کے ساتھ آ رہے ہیں۔ لیکن جب اُنہوں نے اپنے رشتے‌داروں میں یسوع کو ڈھونڈا تو وہ اُنہیں نہیں ملے۔‏

وہ واپس یروشلم گئے اور تین دن تک اپنے بیٹے کو ڈھونڈتے رہے۔ آخر میں وہ ہیکل گئے۔ اُنہوں نے دیکھا کہ یسوع مذہبی اُستادوں کے بیچ بیٹھے اُن کی باتیں سُن رہے ہیں اور اُن سے بہت سے سوال پوچھ رہے ہیں۔ مذہبی اُستادوں کو یسوع کی باتیں اِتنی اچھی لگیں کہ وہ اُن سے سوال پوچھنے لگے۔ وہ اُن کے جواب سُن کر دنگ رہ گئے۔ وہ یہ دیکھ سکتے تھے کہ یسوع یہوواہ کی شریعت کو کتنی اچھی طرح سمجھتے ہیں۔‏

یوسف اور مریم اُنہیں ڈھونڈ ڈھونڈ کر بہت پریشان ہو گئے تھے۔ مریم نے یسوع سے کہا:‏ ”‏بیٹا!‏ ہم نے آپ کو ہر جگہ ڈھونڈا۔ آپ کہاں چلے گئے تھے؟“‏ یسوع نے کہا:‏ ”‏کیا آپ کو نہیں پتہ تھا کہ مَیں اپنے باپ کے گھر میں ہوں گا؟“‏

یسوع اپنے امی ابو کے ساتھ اپنے گھر ناصرت چلے گئے۔ یوسف نے یسوع کو بڑھئی کا کام سکھایا۔ آپ کے خیال میں یسوع بڑے ہو کر کیسے شخص بنے؟ جیسے جیسے یسوع بڑے ہوتے گئے، وہ اَور بھی سمجھ‌دار ہوتے گئے اور خدا اور لوگ اُن سے بہت خوش تھے۔‏

یوسف اور مریم یسوع اور اپنے باقی بیٹے بیٹیوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔‏

‏”‏اَے میرے خدا!‏ تیری مرضی پر چلنے سے مجھے خوشی ملتی ہے اور تیرے قوانین میرے دل میں بسے ہیں۔“‏—‏زبور 40:‏8