گورننگ باڈی کی طرف سے خط
پیارے ہمایمانو!
ہم خدا کے بندے ہیں اِس لیے ہمیں اُس کے کلام بائبل سے بہت محبت ہے۔ ہمیں پکا یقین ہے کہ اِس میں درست تاریخی معلومات ہیں اور اِس میں زندگی گزارنے کے حوالے سے اچھے مشورے دیے گئے ہیں۔ یہ اِس بات کا جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ یہوواہ کو اِنسانوں سے بہت محبت ہے۔ (زبور 119:105؛ لُوقا 1:3؛ 1-یوحنا 4:19) ہم سبھی یہ چاہتے ہیں کہ ہم خدا کے کلام سے انمول سچائیاں جاننے میں دوسروں کی مدد کریں۔ اِس لیے ہم آپ کو یہ بتا کر بہت خوش ہیں کہ اب کتاب ”پاک کلام سے آپ کے لیے خاص سبق“ آپ کے لیے دستیاب ہے! آئیے اِس کی کچھ خاص باتوں پر غور کریں۔
اِس کتاب کے زیادہتر حصوں کو بچوں کو ذہن میں رکھ کر تیار کِیا گیا ہے۔ لیکن اِس سے نہ صرف بچے بلکہ وہ بڑے بھی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں جو پاک کلام کے بارے میں اَور جاننا چاہتے ہیں۔ اور چونکہ خدا کا کلام بائبل ہم سبھی کے لیے ہے اِس لیے اِس سے کچھ خاص سبق سیکھ کر ہم سب کو فائدہ ہوگا اور ہمیں سچی خوشی ملے گی۔
اِس کتاب میں اِنسانوں کی تخلیق کے بعد ہونے والے واقعات بتائے گئے ہیں۔ اِس بات کی پوری کوشش کی گئی ہے کہ بائبل کے واقعات کو واضح اور صاف لفظوں میں اُسی ترتیب سے لکھا جائے جیسے یہ ہوئے تھے۔
اِس کتاب میں بائبل سے صرف واقعات بتائے ہی نہیں گئے بلکہ اِن واقعات کو اِس طرح لکھا گیا ہے اور اِن کے ساتھ ایسی تصویریں دی گئی ہیں جن سے اِن واقعات میں جان آ جائے گی اور اِن سے ہم اُن لوگوں کے احساسات کو اَور اچھی طرح سمجھ پائیں گے جن کا بائبل میں ذکر ہے۔
اِس کتاب میں ہم دیکھیں گے کہ بائبل میں اُن لوگوں کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے جنہوں نے یہوواہ کی بات مانی اور جنہوں نے ایسا نہیں کِیا۔ اِن واقعات پر غور کر کے ہم بہت کچھ سیکھ پائیں گے۔ (رومیوں 15:4؛ 1-کُرنتھیوں 10:6) اِس کتاب کے 14 حصے ہیں۔ ہر حصے کے شروع میں یہ بتایا گیا ہے کہ ہم اِس حصے میں کیا کچھ سیکھیں گے۔
اگر آپ کے بچے ہیں تو آپ اِس کتاب کا ہر سبق اُنہیں پڑھ کر سنا سکتے ہیں اور تصویروں پر بات کر سکتے ہیں۔ پھر آپ اُن کے ساتھ مل کر بائبل کی وہ آیتیں پڑھ سکتے ہیں جن سے یہ سبق لیا گیا ہے۔ اپنے بچے کی یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ اِس کتاب کا ہر سبق بائبل سے لیا گیا ہے۔ آپ کسی بڑے شخص کی مدد کرنے کے لیے بھی یہی طریقہ اپنا سکتے ہیں۔
ہمیں اُمید ہے کہ اِس کتاب کے ذریعے سب نیک دل لوگوں کو فائدہ ہوگا پھر چاہے وہ عمر میں چھوٹے ہوں یا بڑے۔ وہ خدا کے کلام سے خاص باتیں سیکھ پائیں گے اور اُن پر عمل کر پائیں گے۔ اِس طرح وہ بھی یہوواہ کے خاندان کا حصہ بن کر اُس کی عبادت کر پائیں گے۔
آپ کے بھائی،
یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی