مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 62

بڑے درخت جیسی ایک حکومت

بڑے درخت جیسی ایک حکومت

ایک رات نبوکدنضر نے ایک خواب دیکھا جس کی وجہ سے وہ بہت ڈر گیا۔ اُس نے اپنے دانش‌وروں کو بُلایا تاکہ وہ اُسے خواب کا مطلب بتا سکیں۔ لیکن کوئی بھی اُسے خواب کا مطلب نہیں بتا پایا۔ پھر اُس نے دانی‌ایل سے بات کی۔‏

نبوکدنضر نے دانی‌ایل سے کہا:‏ ”‏مَیں نے اپنے خواب میں ایک درخت دیکھا ہے۔ وہ اِتنا بڑا تھا کہ اُس کی اُونچائی آسمان کو چُھو رہی تھی۔ اُسے زمین کے کسی بھی کونے سے دیکھا جا سکتا تھا۔ اُس کے پتے بہت خوب‌صورت تھے اور اُس پر بہت سا پھل تھا۔ جانور اُس کے سائے میں آرام کرتے اور پرندے اُس کی شاخوں پر گھونسلا بناتے تھے۔ پھر آسمان سے ایک فرشتہ آیا۔ اُس نے کہا:‏ ”‏درخت کو اُس کی شاخوں سمیت کاٹ دو۔ لیکن اُس کے تنے کو جڑوں سمیت زمین میں ہی رہنے دو۔ اِسے لوہے اور تانبے کے بندھن سے باندھ دو۔ درخت کا دل اِنسان کے دل سے بدل کر حیوان کا دل بن جائے گا اور اُس پر سات دَور گزر جائیں گے۔ سب لوگ جان جائیں گے کہ اِنسانی حکومتوں پر خدا کا اِختیار ہے اور وہ جسے چاہے، حکومت دیتا ہے۔“‏“‏

یہوواہ نے دانی‌ایل کو خواب کا مطلب بتایا۔ جب دانی‌ایل خواب کا مطلب سمجھ گئے تو وہ بہت ڈر گئے۔ اُنہوں نے بادشاہ سے کہا:‏ ”‏بادشاہ سلامت!‏ کاش یہ خواب آپ کے دُشمنوں کے بارے میں ہوتا۔ لیکن یہ آپ کے بارے میں ہے۔ جس بڑے درخت کو کاٹ دیا گیا، وہ آپ ہیں۔ آپ اپنی حکومت کھو دیں گے اور جنگلی جانور کی طرح میدان میں گھاس کھائیں گے۔ لیکن فرشتے نے کہا کہ تنے کو جڑوں سمیت زمین میں ہی رہنے دیا جائے اِس لیے آپ دوبارہ بادشاہ بنیں گے۔“‏

اب ایک سال گزر چُکا تھا۔ ایک دن نبوکدنضر اپنے محل کی چھت پر ٹہل رہا تھا اور بابل کی تعریف میں یہ کہہ رہا تھا:‏ ”‏دیکھو، مَیں نے کتنا عظیم شہر بنایا ہے!‏ مَیں کتنا عظیم ہوں!‏“‏ ابھی وہ یہ کہہ ہی رہا تھا کہ آسمان سے یہ آواز آئی:‏ ”‏نبوکدنضر!‏ اب تُم نے اپنی حکومت کھو دی ہے۔“‏

اُسی وقت نبوکدنضر نے اپنا ذہنی توازن کھو دیا اور وہ ایک جنگلی جانور جیسی حرکتیں کرنے لگا۔ اُسے محل سے نکال دیا گیا اور وہ میدان میں جنگلی جانوروں کے ساتھ رہنے لگا۔ نبوکدنضر کے بال عقاب کے پَروں جتنے لمبے ہو گئے اور اُس کے ناخن پرندوں کے ناخنوں جیسے ہو گئے۔‏

سات سال گزرنے کے بعد نبوکدنضر پہلے جیسا ہو گیا اور یہوواہ نے اُسے بابل کا بادشاہ بنا دیا۔ پھر نبوکدنضر نے کہا:‏ ”‏مَیں آسمان کے خدا یہوواہ کی تعریف کرتا ہوں۔ اب مَیں سمجھ گیا ہوں کہ اِنسانی حکومتوں پر یہوواہ کا ہی اِختیار ہے۔ وہ مغرور لوگوں کو خاکسار بناتا ہے اور وہ جسے چاہے، حکومت دیتا ہے۔“‏

‏”‏غرور کا انجام تباہی ہوتا ہے اور گھمنڈی سوچ رکھنے والا ٹھوکر کھاتا ہے۔“‏—‏اَمثال 16:‏18