چو کس رہیں!
پوری دُنیا میں دل دہلا دینے والے فائرنگ کے واقعات—پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟
جولائی 2022ء میں پوری دُنیا میں فائرنگ کے بہت سے واقعات ہوئے جن میں کئی لوگ مارے گئے:
”جاپان کے سب سے مشہور سیاست دان [اور سابق وزیرِاعظم شنزِو آبے] کی موت نے ملک کو غم زدہ کر دیا اور پوری دُنیا کو ہلا کر رکھ دیا، خاص طور پر اِس وجہ سے کہ جاپان میں پُرتشدد جرائم بہت کم ہوتے ہیں اور یہاں پر اسلحے کے اِستعمال کے حوالے سے بہت سخت قوانین ہیں۔“—10 جولائی 2022ء، دی جاپان ٹائمز۔
”کوپن ہیگن کے شاپنگ مال میں فائرنگ کی وجہ سے تین لوگوں کی ہلاکت نے ڈنمارک کو ہلا کر رکھ دیا۔“—4 جولائی 2022ء، روئٹرز۔
”جنوبی افریقہ: سویٹو کے ایک بار میں فائرنگ کی وجہ 15 لوگ ہلاک۔“—10 جولائی 2022ء، دی گارڈین۔
”امریکہ میں 4 جولائی کی چھٹی والے دن فائرنگ کی وجہ سے 220 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے۔“—5 جولائی 2022ء، سی بی ایس نیوز۔
کیا اِس طرح کے پُرتشدد واقعات کبھی ختم ہوں گے؟ آئیے، دیکھیں کہ پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے۔
تشدد اور ظلم کا خاتمہ
جس زمانے میں ہم رہ رہے ہیں، پاک کلام میں اِسے ’آخری زمانہ‘ کہا گیا ہے جس میں لوگ بہت ظالم، پُرتشدد اور وحشی ہیں۔ (2-تیمُتھیُس 3:1، 3) اِتنا زیادہ ظلم دیکھ کر لوگوں کے دل ودماغ پر خوف چھایا ہوا ہے۔ (لُوقا 21:11) لیکن خدا کے کلام میں ایک ایسے وقت کا وعدہ کِیا گیا ہے جب ہر طرح کا تشدد اور ظلم ختم ہو جائے گا اور لوگ ”سلامتی کے مکانوں میں اور بےخطر گھروں میں اور آسودگی اور آسایش کے کاشانوں میں رہیں گے۔“ (یسعیاہ 32:18) لیکن یہ ظلم اور تشدد ختم کیسے ہوگا؟
خدا بُرے لوگوں اور ہتھیاروں کو ختم کر دے گا
”لیکن شریر [یعنی بُرے لوگ] زمین پر سے کاٹ ڈالے جائیں گے اور دغاباز اُس سے اُکھاڑ پھینکے جائیں گے۔“—امثال 2:22۔
”[خدا] دُنیا کی اِنتہا تک جنگیں روک دیتا، ... کمان کو توڑ دیتا، نیزے کو ٹکڑے ٹکڑے کرتا اور ڈھال کو جلا دیتا ہے۔“—زبور 46:9، اُردو جیو ورشن۔
خدا لوگوں کو پُرامن طریقے سے رہنا سکھائے گا اور اِس طرح ظلم اور تشدد جڑ سے ختم ہو جائے گا۔
”وہ میرے تمام کوہِ مُقدس پر نہ ضرر [یعنی نقصان] پہنچائیں گے نہ ہلاک کریں گے کیونکہ جس طرح سمندر پانی سے بھرا ہے اُسی طرح زمین [یہوواہ] کے عرفان سے معمور ہوگی۔“—یسعیاہ 11:9۔
خدا آج بھی لوگوں کو سکھا رہا ہے کہ وہ ظلم اور تشدد کرنا اور ہتھیار چلانا چھوڑ دیں۔ وہ اُنہیں سکھا رہا ہے کہ ”وہ اپنی تلواروں کو توڑ کر پھالیں اور اپنے بھالوں کو ہنسوے بنا ڈالیں۔“—میکاہ 4:3۔
ایک پُرامن اور خوف سے پاک دُنیا کے حوالے سے پاک کلام کے وعدے کے بارے میں اَور جاننے کے لیے مضمون ”خدا کی بادشاہت میں ”خوب امن رہے گا““ کو پڑھیں۔
ظلم اور تشدد کے مستقل حل کے بارے میں اَور جاننے کے لیے مضمون ”امن کا راج نزدیک ہے“ کو پڑھیں۔