چوکس رہیں!
جنگ اور ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے دُنیا بھر میں خوراک کی کمی—پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟
یوکرین میں ہونے والی جنگ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پوری دُنیا میں لوگوں کو خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اِس مسئلے کا سامنا خاص طور پر غریب ملکوں کو کرنا پڑ رہا ہے جہاں پر لوگوں کو پیٹ بھر کھانا تک نہیں ملتا۔
”جنگ، ماحولیاتی تبدیلیوں اور پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے اناج کو اُگانا اور اِسے دوسروں تک پہنچانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔“—انتونیو گوئترس، اقوامِمتحدہ کے سیکرٹری جنرل، 17 جولائی 2023ء۔
”روس اب اُس معاہدے کا حصہ نہیں رہا جس کی وجہ سے یوکرین سے اناج کو بحفاظت برآمد کِیا جا سکتا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اِس وجہ سے پوری دُنیا میں خوراک کی اَور شدید کمی ہو جائے گی اور غریب ملکوں میں، خاص طور پر شمالی افریقہ اور مشرقِوسطیٰ میں کھانے پینے کی چیزیں اَور مہنگی ہو جائیں گی۔“—com.Atalayar، 23 جولائی 2023ء۔
ذرا غور کریں کہ پاک کلام میں خوراک کی کمی اور ہمارے مستقبل کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے۔
پاک کلام میں خوراک کی کمی کی پیشگوئی کی گئی تھی
یسوع مسیح نے یہ پیشگوئی کی تھی: ”قومیں ایک دوسرے پر چڑھائی کریں گی اور سلطنتیں ایک دوسرے کے خلاف اُٹھیں گی [اور] جگہ جگہ قحط پڑیں گے۔“—متی 24:7۔
پاک کلام کے آخر میں چار مجازی گُھڑسواروں کا ذکر کِیا گیا ہے۔ اُن میں سے ایک گُھڑسوار جنگ کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔ اُس کے پیچھے پیچھے ایک اَور گُھڑسوار آتا ہے جو قحط کی طرف اِشارہ کرتا ہے یعنی ایک ایسے وقت کی طرف جب خوراک ایک محدود مقدار میں ملے گی اور بہت مہنگے داموں بیچی جائے گی۔ غور کریں کہ پاک کلام میں اِن گُھڑسواروں کے بارے میں یہ لکھا ہے: ”میرے دیکھتے دیکھتے ایک کالا گھوڑا نظر آیا۔ اُس کے سوار کے ہاتھ میں ترازو تھا۔ اور مَیں نے ... ایک آواز سنی جس نے کہا، ”ایک دن کی مزدوری کے لئے ایک کلوگرام گندم، اور ایک دن کی مزدوری کے لئے تین کلوگرام جَو۔““—مُکاشفہ 6:5، 6، اُردو جیو ورشن۔
خوراک کی کمی کے حوالے سے پاک کلام میں بتائی گئی پیشگوئیاں ایک ایسے وقت میں پوری ہو رہی ہیں جسے خدا کے کلام میں ’آخری زمانہ‘ کہا گیا ہے۔ (2-تیمُتھیُس 3:1) ”آخری زمانے“ اور چار گُھڑسواروں کے بارے میں اَور جاننے کے لیے ویڈیو ”1914ء سے یہ دُنیا بدل گئی ہے“ اور مضمون ”چار گُھڑسوار آخر کون ہیں؟“کو دیکھیں۔
پاک کلام ہماری مدد کیسے کر سکتا ہے؟
پاک کلام میں ایسے مشورے دیے گئے ہیں جن کی مدد سے ہم بڑھتی ہوئی مہنگائی اور خوراک کی کمی جیسے مسئلوں سے نمٹ سکتے ہیں۔ اِس کی کچھ مثالیں اِس مضمون میں دی گئی ہیں: ”اخراجات کے معاملے میں اچھے فیصلے کریں۔“
خدا کے کلام میں ایک ایسے وقت کے بارے میں بتایا گیا ہے جب سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ اِس میں وعدہ کِیا گیا ہے کہ ایک ایسا وقت آئے گا جب ”زمین پر بےحساب اناج ہوگا“ اور سب لوگوں کو پیٹ بھر کھانا ملے گا۔ (زبور 72:16، ترجمہ نئی دُنیا) اِس وعدے کے بارے میں اَور جاننے کے لیے اِس مضمون کو پڑھیں: ”نئی دُنیا قریب ہے!“