مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ غلط خواہشات پر قابو پا سکتے ہیں!‏

آپ غلط خواہشات پر قابو پا سکتے ہیں!‏

‏”‏مَیں نے فحش تصویریں دیکھنے کی غرض سے اِنٹرنیٹ نہیں کھولا تھا۔‏ لیکن اچانک سے گندی تصویروں والا ایک اِشتہار کُھل گیا اور مَیں نے بِلاسوچےسمجھے اِس پر کلک کر دیا۔‏“‏—‏قیصر۔‏ *

‏”‏کام کی جگہ پر ایک بہت خوب‌صورت لڑکی مجھ سے دل‌لگی کرنے لگی۔‏ ایک دن اُس نے مجھ سے کہا کہ ”‏چلو،‏ ایک ہوٹل میں کمرہ بُک کرکے کچھ مستی کرتے ہیں۔‏“‏ مَیں فوراً سمجھ گیا کہ وہ کیا چاہتی تھی۔‏“‏—‏ڈِلن۔‏

کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ اپنی ہر خواہش کو پورا کرنے میں کوئی حرج نہیں جبکہ بعض لوگ ہمیشہ اپنی غلط خواہشوں کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ آپ کا کیا خیال ہے؟‏ کیا ہمیں اپنی ہر طرح کی خواہش کے سامنے گھٹنے ٹیک دینے چاہئیں یا پھر ہمیں اِن کا مقابلہ کرنا چاہیے؟‏

یہ سچ ہے کہ بعض خواہشیں ایسی بھی ہیں جن کو پورا کرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا۔‏ مثال کے طور پر اگر آپ میٹھے سے پرہیز کر رہے ہیں لیکن ایک دو بار تھوڑی مٹھائی کھا لیتے ہیں تو اِس سے آپ کو زیادہ نقصان نہیں ہوگا۔‏ البتہ کچھ خواہشیں ایسی ہیں جنہیں پورا کرنے کے بہت سنگین نتائج نکلتے ہیں،‏ خاص طور پر ایسی خواہشیں جن کی وجہ سے ایک شخص بدکاری میں پڑ سکتا ہے۔‏ خدا کے کلام میں ہمیں یوں خبردار کِیا گیا ہے:‏ ”‏جو .‏ .‏ .‏ زِنا کرتا ہے وہ بےعقل ہے۔‏ .‏ .‏ .‏ وہ زخم اور ذلت اُٹھائے گا۔‏“‏—‏امثال 6:‏32،‏ 33‏۔‏

اگر آپ کو اچانک سے کسی غلط خواہش کو پورا کرنے کا موقع ملتا ہے تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟‏ خدا کے کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏خدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم پاک بنو اور حرام‌کاری سے بچے رہو اور اپنے جسم کو پاک اور باعزت طریقہ سے قابو میں رکھنا سیکھو۔‏“‏ (‏1-‏تھسلنیکیوں 4:‏3،‏ 4‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ آپ بُری خواہشوں کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏ آئیں،‏ تین طریقوں پر غور کریں۔‏

1:‏ اپنی نظروں کو قابو میں رکھیں

گندی تصویریں دیکھنے سے ہماری غلط خواہشوں کو ہوا ملتی ہے۔‏ یسوع مسیح نے ظاہر کِیا کہ ہماری نظروں اور خواہشوں میں کیا تعلق ہے۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جس کسی نے بُری خواہش سے کسی عورت پر نگاہ کی وہ اپنے دل میں اُس کے ساتھ زِنا کر چُکا۔‏“‏ پھر اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اگر تیری دہنی آنکھ تجھے ٹھوکر کھلائے تو اُسے نکال کر اپنے پاس سے پھینک دے۔‏“‏ (‏متی 5:‏28،‏ 29‏)‏ یسوع مسیح کی اِس بات کا کیا مطلب ہے؟‏ وہ یہ نہیں کہہ رہے تھے کہ ہمیں سچ میں اپنی آنکھ کو نکال دینا چاہیے بلکہ اُن کی بات کا مطلب یہ ہے کہ غلط خواہشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں ٹھوس قدم اُٹھانے چاہئیں۔‏ لہٰذا جب ہمارے سامنے کوئی فحش تصویر آتی ہے تو ہمیں فوراً اپنی نظر ہٹا لینی چاہیے۔‏

اگر اچانک آپ کی نظر ویلڈنگ کی تیز روشنی پر پڑے تو آپ کیا کریں گے؟‏ کیا آپ اُسے دیکھتے رہیں گے یا اپنی نظریں ہٹا لیں گے تاکہ آپ کی آنکھوں کو نقصان نہ ہو؟‏ یقیناً آپ اپنی نظریں ہٹا لیں گے۔‏ اِسی طرح اگر آپ اچانک کچھ ایسا دیکھتے ہیں جس سے آپ کے اندر جنسی خواہش پیدا ہو سکتی ہے تو فوراً اپنی نظریں ہٹا لیں،‏ چاہے یہ کوئی شخص ہو یا کوئی تصویر۔‏ اپنے ذہن کو آلودہ نہ ہونے دیں۔‏ خوان نامی ایک آدمی جنہیں فحش مواد دیکھنے کی لت تھی،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏جب بھی میری نظر کسی پُرکشش عورت پر پڑتی ہے،‏ میرا دل کرتا ہے کہ مَیں باربار اُسے دیکھوں۔‏ لیکن مَیں زبردستی اپنی نظریں دوسری طرف کر لیتا ہوں اور خود سے کہتا ہوں:‏ ”‏یہوواہ خدا سے دُعا کر!‏ ابھی کے ابھی اُس سے دُعا کر!‏“‏ دُعا کے بعد مَیں محسوس کرتا ہوں کہ اُس عورت کو دیکھنے کی میری خواہش ٹھنڈی پڑ رہی ہے۔‏“‏—‏متی 6:‏9،‏ 13؛‏ 1-‏کرنتھیوں 10:‏13‏۔‏

غور کریں کہ خدا کے بندے ایوب نے کہا:‏ ”‏مَیں نے اپنی آنکھوں سے عہد کِیا کہ کسی لڑکی کو بُری نگاہ سے نہ دیکھوں گا۔‏“‏ (‏ایوب 31:‏1‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ کیوں نہ آپ بھی ایسا ہی عزم کریں؟‏

یہ کریں:‏ اگر آپ اچانک کچھ ایسا دیکھتے ہیں جس سے آپ کے اندر کوئی غلط خواہش پیدا ہو سکتی ہے تو فوراً اپنی نظریں ہٹا لیں۔‏ زبور نویس کی مثال پر عمل کریں جس نے دُعا کی:‏ ”‏میری آنکھوں کو بیکار چیزوں کی طرف سے پھیر دے۔‏“‏—‏زبور 119:‏37‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

2:‏ اپنے خیالوں پر قابو رکھیں

چونکہ ہم سب عیب‌دار ہیں اِس لیے کبھی‌کبھار اپنی غلط خواہشات پر قابو پانا مشکل ہو سکتا ہے۔‏ خدا کے کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏ہر شخص اپنی ہی خواہشوں میں کھنچ کر اور پھنس کر آزمایا جاتا ہے۔‏ پھر خواہش حاملہ ہو کر گُناہ کو جنتی ہے۔‏“‏ (‏یعقوب 1:‏14،‏ 15‏)‏ آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ غلط خواہشوں کی دَلدل میں نہ پھنسیں؟‏

جب آپ کے دل میں کوئی غلط خواہش پیدا ہوتی ہے تو یاد رکھیں کہ یہ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ اِس کے لیے کیسا ردِعمل دِکھائیں گے۔‏ ایسی خواہشوں کو دل سے اُکھاڑ پھینکنے کی پوری کوشش کریں۔‏ گندے خیالات کو فوراً اپنے ذہن سے نکال دیں۔‏ ٹروئے نامی شخص جو اِنٹرنیٹ پر فحش مواد دیکھنے کے عادی تھے،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏اپنے ذہن سے گندے خیالات کو نکالنے کے لیے مَیں نے اپنی پوری توجہ اچھی باتوں پر لگائی۔‏ ایسا کرنا آسان نہیں تھا۔‏ کبھی‌کبھار میرے ذہن میں پھر سے گندے خیالات اُبھر آتے تھے۔‏ لیکن آخرکار مَیں اِن پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا۔‏“‏ الیسا نامی ایک عورت جنہیں جوانی میں اپنی جنسی خواہشات پر قابو پانا بہت مشکل لگتا تھا،‏ کہتی ہیں:‏ ”‏مصروف رہنے اور یہوواہ خدا سے دُعا کرنے سے مَیں غلط خیالات کو اپنے ذہن سے نکالنے کے قابل ہو گئی۔‏“‏

یہ کریں:‏ جیسے ہی آپ کے ذہن میں کوئی گندا خیال آئے،‏ دُعا کریں۔‏ ایسے خیالات کو اپنے ذہن سے نکالنے کے لیے اِس نصیحت پر عمل کریں:‏ ”‏جتنی باتیں سچ ہیں اور جتنی باتیں شرافت کی ہیں اور جتنی باتیں واجب ہیں اور جتنی باتیں پاک ہیں اور جتنی باتیں پسندیدہ ہیں اور جتنی باتیں دلکش ہیں غرض جو نیکی اور تعریف کی باتیں ہیں اُن پر غور کِیا کرو۔‏“‏—‏فلپیوں 4:‏8‏۔‏

3:‏ اپنے قدموں کو غلط راہ سے بچائیں

اگر ہم میں پہلے سے ہی کوئی غلط خواہش ہے اور ہمیں اُسے پورا کرنے کا موقع ملتا ہے تو ہم آسانی سے کوئی غلط قدم اُٹھا سکتے ہیں۔‏ (‏امثال 7:‏6-‏23‏)‏ تو پھر آپ اپنے قدموں کو غلط راہ سے کیسے بچا سکتے ہیں؟‏

خدا کے کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏ہوشیار آدمی خطرہ دیکھ کر پناہ ڈھونڈ لیتا ہے،‏ لیکن نادان آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اور نقصان اُٹھاتے ہیں۔‏“‏ (‏امثال 22:‏3‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ اِس لیے اپنے قدموں کو غلط راہ سے دُور رکھیں۔‏ پہلے سے سوچیں کہ آپ کن صورتحال میں کوئی غلط قدم اُٹھانے کے خطرے میں ہوں گے اور پھر اِن سے کنارہ کریں۔‏ (‏امثال 7:‏25‏)‏ فلپ نامی ایک آدمی جنہوں نے فحش مواد دیکھنے کی عادت پر قابو پا لیا،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں نے کمپیوٹر کو گھر میں ایسی جگہ پر رکھا جہاں سب اِسے دیکھ سکتے ہیں۔‏ مَیں نے اِس پر ایسا پروگرام بھی ڈالا ہے جو فحش ویب‌سائٹس کو کھلنے نہیں دیتا۔‏ اور مَیں اِنٹرنیٹ صرف اُس وقت اِستعمال کرتا ہوں جب کوئی آس‌پاس ہوتا ہے۔‏“‏ اِسی طرح ٹروئے جن کا پہلے ذکر ہوا ہے،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں ایسی فلمیں نہیں دیکھتا جن سے مجھ میں جنسی خواہشات پیدا ہوں اور نہ ہی ایسے لوگوں میں اُٹھتا بیٹھتا ہوں جو گندی باتیں کرتے ہیں۔‏ مَیں خود کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا۔‏“‏

یہ کریں:‏ اِس بات کا جائزہ لیں کہ آپ میں کون کون‌سی کمزوریاں ہیں اور ایسی صورتحال سے بچیں جن میں آپ غلط قدم اُٹھانے کے خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔‏—‏متی 6:‏13‏۔‏

ہمت نہ ہاریں!‏

لیکن اگر بھرپور کوشش کے باوجود آپ سے دوبارہ کوئی غلطی ہو جاتی ہے تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟‏ بےدل نہ ہوں اور کوشش جاری رکھیں۔‏ خدا کے کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏صادق سات بار گِرتا ہے اور پھر اُٹھ کھڑا ہوتا ہے۔‏“‏ (‏امثال 24:‏16‏)‏ خدا چاہتا ہے کہ ہم غلط قدم اُٹھانے کے بعد پھر سے ’‏اُٹھ کھڑے‘‏ ہوں۔‏ کیا آپ خدا کی مدد قبول کریں گے؟‏ تو پھر اُس سے دُعا کرنے سے کبھی نہ ہچکچائیں۔‏ اپنے ایمان کو مضبوط کرنے کے لیے خدا کے کلام کا مطالعہ کریں اور اُس کے بندوں کے ساتھ مل کر اُس کی عبادت کریں۔‏ خدا کے اِس وعدے پر بھروسا رکھیں:‏ ”‏مَیں تجھے زور بخشوں گا۔‏ مَیں یقیناً تیری مدد کروں گا۔‏“‏—‏یسعیاہ 41:‏10‏۔‏

قیصر جن کا مضمون کے شروع میں ذکر ہوا تھا،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏مجھے فحش مواد دیکھنے کی عادت پر قابو پانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑی۔‏ کچھ مرتبہ مَیں نے پھر سے گندی تصویریں اور فلمیں دیکھیں لیکن خدا کی مدد سے مَیں آخرکار اِس عادت کو چھوڑنے کے قابل ہو گیا۔‏“‏ ڈِلن جن کا پہلے ذکر ہوا ہے،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں بڑی آسانی سے اپنے ساتھ کام کرنے والی لڑکی کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کر سکتا تھا۔‏ لیکن مَیں اُس کے بہکاوے میں نہیں آیا اور اُسے صاف اِنکار کر دیا۔‏ میرا ضمیر صاف ہے اور اِس سے مجھے بہت اِطمینان ملتا ہے۔‏ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہوواہ خدا کو مجھ پر ناز ہے۔‏“‏

جب آپ بھی ثابت‌قدم رہیں گے اور غلط خواہشات کا مقابلہ کریں گے تو خدا کو آپ پر بھی ناز ہوگا۔‏—‏امثال 27:‏11‏۔‏

^ پیراگراف 2 اِس مضمون میں فرضی نام اِستعمال کیے گئے ہیں۔‏