پاک کلام سے متعلق سوالوجواب
کیا یہوواہ خدا ہمارے سنگین گُناہوں کو بھی معاف کر سکتا ہے؟
پاک کلام کے مطابق سب اِنسان گُناہگار ہیں۔ پہلے اِنسان آدم کی اولاد ہونے کی وجہ سے ہم نے گُناہ کو ورثے میں پایا ہے۔ اِس لیے ہم کبھی کبھار ایسے غلط کام کر بیٹھتے ہیں جن پر شاید ہمیں بعد میں پچھتاوا ہو۔ لیکن یسوع مسیح نے ہمارے گُناہوں کی قیمت چُکانے کے لیے اپنی جان قربان کی۔ اُن کے فدیے کی وجہ سے ہمارے لیے گُناہوں کی معافی حاصل کرنا ممکن ہوا۔ فدیہ واقعی خدا کی طرف سے ایک بیشقیمت تحفہ ہے۔—رومیوں 3:23، 24 کو پڑھیں۔
کچھ لوگ جنہوں نے سنگین گُناہ کیے، شاید یہ سوچیں کہ ”پتہ نہیں خدا مجھے میرے گُناہوں کے لیے کبھی معاف کرنے گا بھی یا نہیں؟“ مگر خدا کے کلام میں لکھا ہے: ”یسوع کا خون ہمیں سب گُناہوں سے پاک کر دیتا ہے۔“ (1-یوحنا 1:7) یہوواہ خدا ہمارے سنگین سے سنگین گُناہ بھی معاف کرنے کو تیار ہے لیکن صرف اُسی صورت میں اگر ہم نے دل سے توبہ کی ہو۔—یسعیاہ 1:18 کو پڑھیں۔
ہمیں معافی حاصل کرنے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟
اگر ہم چاہتے ہیں کہ یہوواہ خدا ہمیں معاف کر دے تو ہمیں اُس کے بارے میں سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ وہ ہم سے کیا چاہتا ہے اور اُس نے ہمیں کون سی ہدایتیں دی ہیں۔ (یوحنا 17:3) یہوواہ خدا دل کھول کر اُن لوگوں کو معاف کر دیتا ہے جو توبہ کرتے ہیں اور اپنے چالچلن کو بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔—اعمال 3:19 کو پڑھیں۔
خدا کی خوشنودی حاصل کرنا اِتنا مشکل نہیں ہے۔ یہوواہ خدا ہماری خامیوں کو جانتا ہے۔ وہ بڑا ہی رحمدل اور مہربان ہے۔ کیا آپ اِس بارے میں مزید نہیں جاننا چاہتے کہ آپ اِتنے محبت کرنے والے خدا کو خوش کیسے کر سکتے ہیں؟—زبور 103:13، 14 کو پڑھیں۔