سائنسی لحاظ سے درست
سائنسی لحاظ سے درست
’کیا مَیں نے تیرے لئے مشورت اور علم کی لطیف باتیں اِس لئے نہیں لکھی ہیں کہ سچائی کی باتوں کی حقیقت تجھ پر ظاہر کر دوں تاکہ تُو سچی باتیں حاصل کرے؟‘—امثال ۲۲:۲۰، ۲۱۔
بائبل کس لحاظ سے دوسری کتابوں سے فرق ہے؟ بہت سی پُرانی کتابوں میں ایسی معلومات پائی جاتی ہیں جو جدید سائنس کے مطابق نہ صرف بےبنیاد ہیں بلکہ نقصاندہ بھی ہیں۔ نئینئی دریافتوں کی وجہ سے آج بھی مصنفوں کو اکثر اپنی کتابوں میں تبدیلی کرنی پڑتی ہے۔ لیکن بائبل میں بتایا گیا ہے کہ اِس کا مصنف کائنات کا خالق ہے اور اُس کا ”کلام ابد تک قائم“ رہتا ہے یعنی اِس میں تبدیلی کرنے کی ضرورت کبھی نہیں پڑتی۔—۱-پطرس ۱:۲۵۔
ایک مثال پر غور کریں: موسیٰ نبی کی شریعت میں بنیاسرائیل کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ حاجت کے لئے ”خیمہگاہ کے باہر“ جائیں اور فضلے کو زمین میں دبا دیں۔ (استثنا ۲۳:۱۲، ۱۳) اگر کوئی اسرائیلی کسی جانور یا انسان کی لاش کو چُھو لیتا تھا تو اُسے اپنے کپڑے دھونے پڑتے تھے اور نہانا پڑتا تھا۔ (احبار ۱۱:۲۷، ۲۸؛ گنتی ۱۹:۱۳، ۱۹) اگر کسی کو کوڑھ کی بیماری لگ جاتی تھی تو اُسے تب تک دوسروں سے الگ رکھا جاتا تھا جب تک معائنے سے یہ ثابت نہ ہو جاتا کہ اب دوسروں کو اُس سے بیماری لگنے کا خطرہ نہیں ہے۔—احبار ۱۳:۱-۸۔
جدید سائنسی تحقیق سے کیا پتہ چلتا ہے؟ ہاتھ دھونا، چھوت کی بیماری میں مبتلا مریض کو الگ رکھنا اور فضلے کو اچھی طرح ٹھکانے لگانا آج بھی بیماریوں کے خلاف لڑنے کے مؤثر طریقے ہیں۔ بیماریوں سے بچاؤ اور روکتھام کے امریکی ادارے کے مطابق اگر حاجت کے لئے آسپاس لیڑین وغیرہ نہ ہو تو ”پانی کی سپلائی سے ۱۰۰ فٹ [۳۰ میٹر] دُور جا کر ایک گڑھا کھودیں اور اُس میں پاخانہ کرکے اُسے دبا دیں۔“ عالمی ادارۂصحت کا کہنا ہے کہ جب ایک علاقے کے لوگ فضلے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگاتے ہیں تو وہاں پیٹ کی بیماریاں ۳۶ فیصد کم ہو جاتی ہیں۔ تقریباً ۲۰۰ سال پہلے ڈاکٹروں نے یہ دریافت کِیا کہ اُنہوں نے بہت سے مریضوں میں بیماریاں منتقل کر دی تھیں کیونکہ اُنہوں نے لاشوں کو چُھونے کے بعد ہاتھ نہیں دھوئے تھے۔ بیماریوں سے بچاؤ کے امریکی ادارے کے مطابق اچھی طرح ہاتھ دھونا ”بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کا بہترین طریقہ ہے۔“ کوڑھیوں یا اِسی طرح کے دیگر مریضوں کو الگ رکھنے کے بارے میں جدید سائنس کیا کہتی ہے؟ اِس سلسلے میں سعودی عرب کے ایک طبی رسالے میں یہ بتایا گیا: ”چھوت کی بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کا واحد حل یہ ہے کہ جیسے ہی کسی کو ایسی کوئی بیماری لگے، اُسے دوسروں سے الگ کر دیا جائے۔“
آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا کوئی اَور قدیم مُقدس کتاب ہے جس کی معلومات جدید سائنسی دریافتوں سے بالکل ہم آہنگ ہوں؟ یا پھر بائبل اِس لحاظ سے واقعی ایک خاص کتاب ہے؟
[صفحہ ۶ پر عبارت]
”جو بھی شخص صحت اور صفائی کے سلسلے میں موسیٰ نبی کی شریعت میں دئے گئے اصولوں کو پڑھتا ہے، وہ اِن سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔“—ڈاکٹر آلڈو کاسٹلینی اور البرٹ چالمرز کی کتاب قدرتی ادویات (انگریزی میں دستیاب)۔