کیا آپ دوزخ کے عقیدے کو مانتے ہیں؟
کیا آپ دوزخ کے عقیدے کو مانتے ہیں؟
”مَیں ہولناک خواب دیکھا کرتی۔ خواب میں مَیں جہنم میں ہوتی اور مجھے آگ میں جلایا جاتا۔ مَیں چیخچیخ کر جاگ اُٹھتی۔ ایسے خواب دیکھنے کی وجہ سے میری کوشش یہ ہوتی کہ مَیں گُناہ نہ کروں۔“—آرلین۔
کیا آپ مانتے ہیں کہ جہنم یا دوزخ ایک ایسی جگہ ہے جہاں گنہگاروں کو آگ میں تڑپایا جاتا ہے؟ بہت سے لوگ اِس عقیدے کو مانتے ہیں۔ مثال کے طور پر ۲۰۰۵ میں سکاٹلینڈ کی ایک یونیورسٹی کے ایک عالم نے سکاٹلینڈ کے پادریوں کا جائزہ لیا۔ اِس جائزے کے مطابق تین پادریوں میں سے ایک یہ مانتا ہے کہ ایسے لوگ جو خدا کی خوشنودی کھو بیٹھے ہیں وہ ”دوزخ میں ذہنی اذیت پائیں گے۔“ جبکہ پانچ میں سے ایک پادری مانتا ہے کہ دوزخ میں گنہگاروں کو جسمانی اذیت پہنچائی جائے گی۔
دُنیا میں بہت سے لوگ دوزخ کے عقیدے کو مانتے ہیں۔ مثال کے طور پر ریاستہائےمتحدہ امریکہ میں ۲۰۰۷ میں ہونے والے ایک جائزے میں ۷۰ فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ دوزخ کے عقیدے پر ایمان رکھتے ہیں۔ ایسے ممالک میں جہاں لوگ عام طور پر مذہبی نہیں ہیں وہاں بھی دوزخ کے عقیدے کو مانا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ۲۰۰۴ میں کینیڈا میں ۴۲ فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ دوزخ کے عقیدے پر ایمان رکھتے ہیں جبکہ برطانیہ میں ۳۲ فیصد اِس عقیدے کو مانتے ہیں۔
پادری کیا سکھاتے ہیں؟
آجکل بہتیرے پادریوں نے یہ تعلیم دینا بند کر دی ہے کہ جہنم میں گنہگاروں کو آگ میں تڑپایا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر کیتھولک مذہب کے عقیدوں کی کتاب (۱۹۹۴) میں اِس سلسلے میں یہ بتایا گیا ہے: ”دوزخ میں جانے والوں کے لئے سب سے کڑی سزا یہی ہے کہ وہ ہمیشہ کے لئے خدا سے دُور ہوتے ہیں۔“
اِس کے باوجود بہتیرے لوگ مانتے ہیں کہ دوزخ میں لوگوں کو ذہنی یا جسمانی اذیت پہنچائی جاتی ہے۔ ایسے لوگ جو اِس عقیدے کو فروغ دیتے ہیں اُن کا دعویٰ ہے کہ یہ عقیدہ بائبل میں پایا جاتا ہے۔ بپٹسٹ چرچ کی ایک یونیورسٹی کے صدر نے دوزخ کے عقیدے کے بارے میں کہا: ”حقیقت یہ ہے کہ یہ تعلیم پاک صحائف میں پائی جاتی ہے۔“
جہنم کے بارے میں سچائی جاننا اہم کیوں ہے؟
اگر جہنم یا دوزخ واقعی ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگوں کو اذیت دی جاتی ہے تو بےشک ہمیں اس سے خوف محسوس کرنا چاہئے۔ لیکن اگر یہ عقیدہ جھوٹا ہے تو مذہبی راہنما اِسے فروغ دینے سے لوگوں میں اُلجھن اور پریشانی پیدا کرتے ہیں اور خدا کی توہین بھی کرتے ہیں۔
خدا کے کلام بائبل میں اِس موضوع کے بارے میں کیا کہا گیا ہے؟ اگلے مضامین میں خدا کے کلام میں سے اِن تین سوالوں کا جواب دیا جائے گا:
(۱) مرنے پر کیا واقع ہوتا ہے؟ (۲) یسوع مسیح نے جہنم کے بارے میں کونسی تعلیم دی؟ (۳) جہنم کے بارے میں سچائی جاننا آپ کے لئے فائدہمند کیوں ہے؟