مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ لوگوں کو خبردار کرنے کے ہر موقعے کو اِستعمال کرتے ہیں؟‏

کیا آپ لوگوں کو خبردار کرنے کے ہر موقعے کو اِستعمال کرتے ہیں؟‏

سن ۱۹۰۶ء میں امریکہ میں ایک خاموش فلم بنی جس میں شہر سان‌فرانسسکو کی روزمرہ زندگی کی گہماگہمی دِکھائی گئی۔‏ فلم بنانے والوں نے اپنا کیمرہ ٹرام (‏یعنی سڑک پر بچھی ہوئی پٹریوں پر چلنے والی گاڑی)‏ کے آگے رکھا ہوا تھا اور اُس کا رُخ سامنے بازار کی طرف تھا۔‏ فلم میں دِکھایا گیا کہ لوگ خریداری میں مصروف ہیں اور اخبار بیچنے والے لڑکے اِدھراُدھر بھاگ رہے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ گاڑیاں اور تانگے بھی آتے جاتے دِکھائے گئے۔‏

آج اِس فلم کو دیکھیں تو بڑا دُکھ ہوتا ہے کیونکہ یہ اُس قدرتی آفت سے چند دن پہلے ہی بنی تھی جو ۱۸ اپریل ۱۹۰۶ء کو سان‌فرانسسکو پر ٹوٹی تھی۔‏ اُس دن ایک بہت بڑا زلزلہ آیا اور پھر آگ بھڑک اُٹھی۔‏ اِس فلم میں جو علاقہ دِکھایا گیا تھا،‏ وہ زلزلے اور آگ کی زد میں آ کر تہس‌نہس ہو گیا۔‏ اِس فلم میں نظر آنے والے ہنستے مسکراتے لوگوں میں سے بعض لوگ کچھ ہی دنوں بعد موت کے اندھیروں میں گم ہو گئے۔‏ فلم بنانے والوں میں سے ایک کے رشتےدار سکاٹ مائلز نے حال ہی میں کہا:‏ ”‏اِس فلم میں لوگ اپنے کاموں میں مگن دِکھائی دیتے ہیں مگر اُنہیں کیا خبر تھی کہ اُن پر کتنی بڑی مصیبت آنے والی ہے۔‏ خیر اب ہم اُن کے بارے میں افسوس کرنے کے سوا اَور کچھ کر بھی نہیں سکتے۔‏“‏

سن ۱۹۰۶ء میں سان‌فرانسسکو کا بہت سا علاقہ اچانک زلزلے اور آگ کی لپیٹ میں آ کر ملیامیٹ ہو گیا۔‏

آج‌کل بھی صورتحال کچھ ایسی ہی ہے۔‏ ہمیں بھی اپنے آس‌پاس کے لوگوں کی حالت پر ترس آتا ہے۔‏ وہ اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہیں۔‏ لیکن اُنہیں اِس بات کی خبر نہیں کہ اُن پر ایک بہت بڑی تباہی آنے والی ہے جس میں یہ بدکار دُنیا ختم ہو جائے گی۔‏ سان‌فرانسسکو کے لوگوں کو تو کسی نے آنے والے زلزلے کے بارے میں خبردار نہیں کِیا تھا مگر آج ہم لوگوں کو اِس دُنیا کے خاتمے سے خبردار کر سکتے ہیں۔‏ غالباً آپ ہر ہفتے گھرگھر بادشاہت کی مُنادی کرنے کے لئے وقت نکالتے ہیں۔‏ لیکن کیا آپ دیگر موقعوں پر بھی دوسروں کو گواہی دیتے ہیں؟‏

یسوع مسیح گواہی دینے کا کوئی بھی موقع نہیں گنواتے تھے

یسوع مسیح دوسروں کو بادشاہت کی خوش‌خبری سنانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے۔‏ وہ جس سے بھی ملتے،‏ اُسے گواہی دیتے۔‏ مثال کے طور پر ایک راستے سے گزرتے ہوئے اُن کی نظر ایک شخص پر پڑی جو ٹیکس لینے والا تھا۔‏ یسوع مسیح نے اُسے گواہی دی۔‏ پھر ایک مرتبہ جب وہ دوپہر کے وقت ایک کنوئیں پر بیٹھے تھے تو وہاں ایک عورت آئی،‏ اُنہوں نے اُسے بھی گواہی دی۔‏ (‏لو ۱۹:‏۱-‏۵؛‏ یوح ۴:‏۵-‏۱۰،‏ ۲۱-‏۲۴‏)‏ وہ دوسروں کو تعلیم دینے کی خاطر اپنے آرام کی بھی پرواہ نہیں کرتے تھے۔‏ اُنہیں لوگوں پر بہت ترس آتا تھا اِس لئے جب لوگ اُن کے پاس آتے تھے تو وہ اُنہیں بادشاہت کے متعلق سرسری سی گواہی نہیں دیتے تھے بلکہ اُنہیں ”‏بہت سی باتوں کی تعلیم“‏ دیتے تھے۔‏ (‏مر ۶:‏۳۰-‏۳۴‏)‏ آج‌کل ہمارے بہن‌بھائی یسوع مسیح کی مثال پر کیسے عمل کر رہے ہیں؟‏

وہ گواہی دینے کا کوئی بھی موقع نہیں گنواتیں

بہن ملائکہ ایک ایسی بلڈنگ میں رہتی ہیں جہاں اُن لوگوں کا داخلہ منع ہے جو وہاں نہیں رہتے۔‏ اُن کے بہت سے پڑوسی دوسرے ملکوں سے تعلیم حاصل کرنے کے لئے آئے ہوئے ہیں۔‏ نہ تو اُن کے موبائل نمبر ڈائریکٹری میں ہیں اور نہ ہی اُن کے نام بلڈنگ میں رہنے والوں کی فہرست میں ہیں۔‏ لیکن ملائکہ اِن سے آسانی سے مل سکتی ہیں۔‏ اِس لئے وہ اِن لوگوں کو گواہی دینے کے ہر موقعے کو اِستعمال کرتی ہیں۔‏ وہ لفٹ میں آتے جاتے یا بلڈنگ کے ہال میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو بادشاہت کا پیغام دیتی ہیں۔‏ اُنہوں کہا:‏ ”‏مَیں نے اپنی بلڈنگ کو ایک طرح سے اپنا ذاتی علاقہ بنا لیا ہے۔‏“‏ ملائکہ اپنے پاس مختلف زبانوں میں رسالے اور پرچے رکھتی ہیں اور بہت سے لوگ اُن سے یہ لیتے ہیں۔‏ وہ لوگوں کو ہماری ویب‌سائٹ jw.org کے بارے میں بھی بتاتی ہیں۔‏ اِس طرح اُنہوں نے کئی لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا شروع کِیا ہے۔‏

بہن سونیا بھی بادشاہت کی خوش‌خبری دینے کے موقعوں کی تلاش میں رہتی ہیں۔‏ وہ ایک ڈاکٹر کے کلینک پر کام کرتی ہیں۔‏ اُنہوں نے یہ اِرادہ کِیا تھا کہ وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے سب لوگوں کو بادشاہت کا پیغام دیں گی۔‏ پہلے اُنہوں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کون‌سا شخص کس بات میں دلچسپی لیتا ہے۔‏ پھر اُنہوں نے ہر روز دوپہر کے کھانے کے وقفے کے دوران ایک‌ایک کرکے سب کو بادشاہت کا پیغام دیا۔‏ یوں اُنہوں نے دو لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا شروع کِیا۔‏ اب اُن کا منصوبہ یہ ہے کہ وہ کھانے کے وقفے کے دوران اُن مریضوں کے ساتھ بات کِیا کریں گی جو اپنی باری کا اِنتظار کر رہے ہوں گے۔‏

آپ بھی گواہی دینے کا کوئی موقع نہ گنوائیں

سان‌فرانسسکو میں جو زلزلہ آیا،‏ اُس سے بچنے والے ایک شخص نے کہا:‏ ”‏اِس سے پہلے کسی شہر پر اِتنی بھیانک آفت نہیں آئی ہوگی۔‏“‏ لیکن بہت ہی جلد اُن لوگوں پر ایک تباہی آنے والی ہے ”‏جو خدا کو نہیں پہچانتے۔‏“‏ یہ تباہی ماضی کی ساری قدرتی آفتوں سے کہیں بڑی ہوگی۔‏ (‏۲-‏تھس ۱:‏۸‏)‏ یہوواہ خدا کی یہ خواہش ہے کہ اِنسان اپنی بُری روِش سے باز آئیں اور اُس پیغام کو قبول کریں جو اُس کے بندے سنا رہے ہیں۔‏—‏۲-‏پطر ۳:‏۹؛‏ مکا ۱۴:‏۶،‏ ۷‏۔‏

کیا آپ اپنے روزمرہ کے کام کرتے ہوئے بھی دوسروں کو گواہی دینے کے موقعوں کی تلاش میں رہتے ہیں؟‏

آپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ لوگوں کو بتائیں کہ دُنیا کا خاتمہ بہت نزدیک ہے اِس لئے وہ اپنی خواہشوں کے پیچھے بھاگنا چھوڑ کر یہوواہ خدا کو ڈھونڈیں۔‏ (‏صفن ۲:‏۲،‏ ۳‏)‏ کیا آپ اپنے ساتھ کام کرنے والوں اور اپنے پڑوسیوں کو گواہی دینے کے ہر موقعے کو اِستعمال کر سکتے ہیں؟‏ کیا آپ اپنے روزمرہ کے کام کرتے ہوئے بھی دوسروں کو گواہی دینے کے موقعوں کی تلاش میں رہتے ہیں؟‏ کیا آپ لوگوں کو دُنیا کے خاتمے سے خبردار کرنے کے ہر موقعے کو اِستعمال کرتے ہیں؟‏