ایک یادگار دن
ایک یادگار دن
اس دن نے نوعِانسان کے مستقبل کو بدل دیا۔ بیشک اس دن نے انسانی تاریخ پر بہت گہرا اَثر ڈالا تھا۔ یہ وہ دن تھا جب یسوع نے اُن تمام کاموں کو پورا کِیا جن کیلئے اُسے زمین پر بھیجا گیا تھا۔ جب یسوع سولی پر تھا تو اُس نے پکار کر کہا: ”تمام ہوا۔“ (یوحنا ۱۹:۳۰) یسوع کس مقصد کیلئے زمین پر آیا تھا؟
بائبل یسوع کے اِس کام کے بارے میں یوں کہتی ہے: ”ابنِآدم اِسلئے نہیں آیا کہ خدمت لے بلکہ اِسلئےکہ خدمت کرے اور اپنی جان بہتیروں کے بدلے فدیہ میں دے۔“ (متی ۲۰:۲۸) یسوع نے تمام نسلِانسانی کیلئے اپنی جان کی قربانی دیکر اُنکو گناہ اور موت سے چھٹکارا دلایا۔ واقعی، ”خدا نے دُنیا سے ایسی محبت رکھی کہ اُس نے اپنا اکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کوئی اُس پر ایمان لائے ہلاک نہ ہو بلکہ ہمیشہ کی زندگی پائے۔“ (یوحنا ۳:۱۶) یسوع کی قربانی ہمارے لئے بہت ہی اہمیت رکھتی ہے!
لیکن یسوع کی موت کا دن ایک اَور وجہ سے بھی یادگار ہے۔ اِس دن پر یسوع نے اپنے شاگردوں کو وفادار رہنے میں مدد دینے کیلئے بہت اہم سبق سکھائے۔ یسوع کی آخری باتوں نے اُس کے شاگردوں کے دلوں پر کتنا گہرا اَثر چھوڑا ہوگا! یہ اہم سبق کونسے ہیں؟ یسوع نے اُنہیں جو سبق سکھائے اُن سے ہم کیسے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں؟ اِن سوالات پر اگلے مضمون میں بحث کی جائیگی۔