مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خوش‌مزاج رہیں صحتمند رہیں

خوش‌مزاج رہیں صحتمند رہیں

خوش‌مزاج رہیں صحتمند رہیں

‏”‏شادمان دل صحت‌بخش ہے۔‏“‏ ‏(‏امثال ۱۷:‏۲۲‏،‏ کیتھولک ترجمہ‏)‏ یہ بات سلیمان بادشاہ نے تقریباً ۰۰۰،‏۳ سال پہلے قلم‌بند کی تھی۔‏ آج ڈاکٹر اس الہامی بیان کی تصدیق کرتے ہیں۔‏ لیکن خوش‌مزاج ہونا کئی لوگوں کو آسان نہیں لگتا۔‏ اس کی کیا وجہ ہے؟‏

ہم سب کو تقریباً روزانہ ہی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہوتا ہے جس کی وجہ سے بعض لوگ بیزاری محسوس کرنے لگتے ہیں۔‏ البتہ حال ہی میں ہونے والی تحقیقات سے دریافت ہوا ہے کہ خوش‌مزاج رہنے کی کوشش کرنا ہمارے لئے بہت فائدہ‌مند ہوتا ہے۔‏

ایک خوش‌مزاج شخص پُراُمید ہوتا ہے۔‏ وہ اس بات کی توقع رکھتا ہے کہ ایک بات کا انجام اچھا ہی ہوگا۔‏ جب اُسے کسی پریشانی یا مسئلے کا سامنا ہوتا ہے تو وہ یہ نہیں سوچتا کہ اِس صورتحال میں بہتری نہیں آ سکتی۔‏ اس کی بجائے وہ مسئلے پر غور کرتا ہے۔‏ اور جہاں تک اُس کے لئے ممکن ہو وہ اسے حل کرنے اور صورتحال میں بہتری لانے کی کوشش کرتا ہے۔‏

اس کے برعکس جو شخص خوش‌مزاج نہیں ہوتا وہ حالات میں بہتری لانے کی کوشش نہیں کرتا۔‏ ایک ایسے شخص کا خیال ہے کہ اُسے زندگی میں مسئلوں اور پریشانیوں کا سامنا اس لئے ہے کیونکہ وہ بیوقوف،‏ بدشکل یا نالائق ہے۔‏ لہٰذا اُسے یوں لگتا ہے کہ وہ حالات میں تبدیلی لا ہی نہیں سکتا۔‏

کیا خوش‌مزاج رہنے سے ہماری صحت پر اچھا اثر پڑتا ہے؟‏ اس بات کو دریافت کرنے کے لئے امریکہ کے ایک نامور ہسپتال [‏مایو کلنک‏]‏ کے ڈاکٹروں نے ۸۰۰ لوگوں کا ۳۰ سال تک جائزہ لیا۔‏ جائزے سے دریافت ہوا کہ دوسرے لوگوں کے مقابلے میں خوش‌مزاج لوگوں کی صحت زیادہ اچھی ہوتی ہے اور وہ زیادہ عرصے تک زندہ بھی رہتے ہیں۔‏ اس کے علاوہ وہ جلد ٹینشن نہیں لیتے اور اُن میں سے کم ہی افسردگی کا شکار ہوتے ہیں۔‏

البتہ ہمارے زمانے میں لوگوں کو بہت سے مسئلوں کا سامنا ہے۔‏ اس وجہ سے بہتیرے لوگوں کو خوش‌مزاج اور پُراُمید رہنا مشکل لگتا ہے۔‏ ہم ایسی سوچ سے کیسے نپٹ سکتے ہیں؟‏ ساتھ میں دئے گئے بکس میں اس سلسلے میں کچھ ایسی ترکیبیں پیش کی گئی ہیں جن سے آپ کو ضرور فائدہ ہوگا۔‏

یہ بات درست ہے کہ خوش‌مزاجی ہر مرض کی دوا تو نہیں ہوتی لیکن اس کی وجہ سے زندگی زیادہ خوشگوار ضرور ہو جاتی ہے۔‏ پاک صحائف کے ایک ترجمے میں امثال ۱۵:‏۱۵ کو یوں بیان کِیا گیا ہے:‏ ”‏غم‌ناک کو ہر دن بُرا لگتا ہے مگر خوش‌دل ہمیشہ جشن کرتا ہے۔‏“‏

‏[‏صفحہ ۲۶ پر بکس/‏تصویر]‏

خوش‌مزاج رہنے کی چند ترکیبیں *

▪ اس بات کی توقع نہ کریں کہ آپ کو ایک بات سے لطف حاصل نہیں ہوگا یا پھر کہ آپ ایک کام میں کامیاب نہیں رہیں گے۔‏ ہمیشہ اچھے انجام کی توقع کریں۔‏

▪ چاہے آپ کوئی بھی کام کر رہے ہوں،‏ اس میں ایسے پہلو تلاش کرنے کی کوشش کریں جن کو کرنے میں آپ خوشی محسوس کرتے ہیں۔‏

▪ خوش‌مزاج لوگوں کے ساتھ دوستی کریں۔‏

▪ جس صورتحال میں آپ بہتری لا سکتے ہیں اس میں بہتری لانے کی کوشش کریں۔‏ لیکن اگر ایک صورتحال میں بہتری لانا ممکن نہیں تو اس بات کو تسلیم کر لیں۔‏

▪ روزانہ تین ایسی باتوں کی فہرست تیار کریں جو آپ کو اُس دن اچھی لگی تھیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 10 بکس میں دی گئی فہرست مایو کلنک کی ایک تحریر سے تیار کی گئی ہے۔‏