عالمی اُفق
عالمی اُفق
▪ برازیل کے تین سالہ بچوں کی کُلتعداد میں سے ۶۰ فیصد کے دانت خراب ہوتے ہیں۔ اسکی ایک وجہ یہ ہے کہ بچوں کو رات کو میٹھے مشروبات پلانے کے بعد اُنکے دانت صاف نہیں کئے جاتے۔—برازیل کا ایک اخبار۔
▪ امریکہ میں ۲۵ فیصد بچے آپریشن کے ذریعے پیدا ہوتے ہیں۔ نیو یارک میں ۱۹۸۰ کی نسبت آج پانچ گُنا زیادہ بچے اس طریقے سے جنم لیتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ اس طرح پہلے سے طے کِیا جا سکتا ہے کہ بچہ کب پیدا ہوگا۔ تاہم، ایسے آپریشن کے خطرات بہت زیادہ ہیں۔—نیو یارک ٹائمز۔
▪ پچھلے ۱۰۰ سال میں میکسیکو سٹی کے اوسط درجۂحرارت میں ۴ ڈگری سینٹیگریڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے برعکس باقی دُنیا کے اوسط درجۂحرارت میں محض صفر اعشاریہ چھ ڈگری سینٹیگریڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اِس کی وجوہات جنگلات کی کٹائی اور شہروں کی آبادی میں اضافہ ہے۔—میکسیکو کا ایک احبار۔
▪ امریکہ میں بیاہ کرنے والوں کی آدھی تعداد شادی سے پہلے اکٹھی رہتی ہے۔ ایسی شادیوں میں طلاق کا امکان دُگنا ہوتا ہے۔—امریکہ کا ایک نفسیاتی رسالہ۔
ساتھی کارکنوں کی بُری عادات
امریکہ کے ایک اخبار کے مطابق ”زیادہتر لوگوں کو اپنے ساتھی کارکنوں میں یہ عادتیں ناپسند ہیں: فون پر اُونچی آواز میں باتیں کرنا، فون کو لاؤڈسپیکر پر لگا کر باتیں کرنا اور زیادہ کام کے بارے میں شکایت کرنا۔“ اس کے علاوہ یہ باتیں بھی ناپسندیدگی کی نظروں سے دیکھی جاتی ہیں: ”اپنے دوستوں میں صرف چند لوگوں کو شامل کرنا، وقت کی پابندی نہ کرنا، خود سے باتیں کرنا، ساتھی کارکنوں سے اُونچی آواز میں باتیں کرنا، نہائے دھوئے بغیر کام پر آنا، کھانا کھاتے وقت اُونچی آواز میں چبانا۔“ ایسی بُری عادتوں کی وجہ سے اکثر کارکن اپنا کام دھیان سے نہیں کر پاتے۔ جائزے میں حصہ لینے والوں نے تسلیم کِیا کہ اُنہوں نے اپنے ساتھی کارکنوں سے اُن کی ان بُری عادتوں کے بارے میں کبھی بات تک نہیں کی ہے۔ اخبار میں بتایا گیا ہے کہ ”غالباً اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ خود بھی ان بُری عادتوں میں مبتلا ہیں۔“
شہروں کی آبادی میں اضافہ
ملک کینیڈا میں یہ خبر دی گئی: ”دو سال کے بعد دُنیا کی آدھی آبادی شہروں میں بس جائے گی۔“ اقوامِمتحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ۹۰ فیصد لوگ شہروں میں آباد ہیں۔ پچپن سال پہلے صرف نیو یارک اور ٹوکیو کی آبادی ایک کروڑ سے زیادہ تھی۔ لیکن آج دُنیا کے ۲۰ شہروں کی آبادی ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔ ان میں جکارتا، میکسیکو سٹی، ممبئی اور ساؤپولو شامل ہیں۔ اقوامِمتحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان کا کہنا ہے کہ ”شہروں کی آبادی میں اضافے کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی تبدیلیوں کی ضرورت پڑے گی۔“
انسانی حقوق
جمہوریہ کوریا کی انسانی حقوق کی کمیٹی کے مطابق ہر انسان کا یہ حق بنتا ہے کہ وہ فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کر سکے۔ کمیٹی نے کہا کہ فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کرنے والوں کو معاشرتی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے۔ ایک اخبار کے مطابق کوریا کی آئینی عدالت نے فیصلہ کِیا تھا کہ کوریا میں کوئی شخص فوج میں بھرتی ہونے سے انکار نہیں کر سکتا۔ لیکن انسانی حقوق کی کمیٹی اس فیصلے کے خلاف ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اب حکومت کو اس سلسلے میں ایک قانون جاری کرنا ہوگا۔ کوریا میں ہر سال ۵۰۰ تا ۷۰۰ یہوواہ کے گواہوں کے نوجوانوں کو قید کِیا جاتا ہے کیونکہ وہ فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کرتے ہیں۔ اب تک تقریباً ۰۰۰،۱۰ یہوواہ کے گواہوں کو اس وجہ سے قید کِیا جا چکا ہے۔