”بعضاوقات تو مجھے لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں!“
”بعضاوقات تو مجھے لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں!“
لورڈس اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے شہر کا نظارہ کر رہی ہے جبکہ اُس نے ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپایا ہوا ہے۔ یہ لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک عورت ہے جو ۲۰ سال سے اپنے متشدّد شوہر الفریڈو کا ظلموستم برداشت کر رہی ہے۔ الفریڈو کو تبدیل ہونے کی ترغیب ملی۔ تاہم، ابھی تک لورڈس کیلئے اُس جسمانی اور جذباتی تکلیف کی بابت بیان کرنا انتہائی مشکل ہے جو اُس نے اپنے شوہر کے ہاتھوں اُٹھائی ہے۔
”یہ سب کچھ ہماری شادی کے صرف دو ہفتے بعد ہی شروع ہو گیا تھا،“ لورڈس دھیمی آواز میں کہتی ہے۔ ”ایک مرتبہ اُس نے میرے دو دانت توڑ دئے۔ ایک دوسرے موقع پر مَیں آگے سے ہٹ گئی تو اُسکے گھونسے نے کپڑوں کی الماری توڑ دی۔ مگر اُسکا مجھے تحقیرآمیز ناموں سے پکارنا زیادہ تکلیفدہ تھا۔ وہ مجھے ’ناکارہ، نِکمّی‘ کہتا اور ایسا برتاؤ کرتا گویا مَیں بےعقل ہوں۔ مَیں اُسے چھوڑنا چاہتی تھی مگر تین بچوں کیساتھ یہ کیسے ممکن تھا؟“
الفریڈو بڑے پیار سے لورڈس کے کندھے پر ہاتھ رکھ لیتا ہے۔ ”مَیں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہوں۔ جب میرے سمن جاری ہوئے اور مجھے کورٹ کی طرف سے زیادتی کرنے کا نوٹس موصول ہوا تو مجھے بڑی شرمندگی محسوس ہوئی۔ مَیں نے اپنے رویے میں تبدیلی لانے کی کوشش کی مگر جلد ہی مَیں واپس اُسی ڈگر پر چلنے لگا۔“
حالات کیسے بدل گئے؟ لورڈس بیان کرتی ہے جو کہ اب کسی حد تک پُراعتماد نظر آ رہی تھی۔ ”گلی کی نکڑ والی دوکان ایک یہوواہ کی گواہ خاتون کی ہے جس نے مجھے بائبل کو سمجھنے کیلئے مدد کی پیشکش کی۔ مَیں نے سیکھا کہ یہوواہ خدا عورتوں کی قدر کرتا ہے۔ مَیں نے یہوواہ کے گواہوں کے اجلاسوں پر جانا شروع کر دیا اگرچہ شروع شروع میں الفریڈو اس سے سخت ناراض ہوتا تھا۔ کنگڈم ہال میں دوستاحباب کیساتھ وقت گزارنا میرے لئے ایک نیا تجربہ تھا۔ مَیں یہ جان کر حیران رہ گئی کہ مَیں اپنے ذاتی اعتقادات رکھ سکتی تھی، اُنکا اظہار کرتے ہوئے دوسروں کو اِنکی بابت سکھا بھی سکتی تھی۔ مَیں سمجھ گئی کہ مَیں خدا کی نظروں میں قدروقیمت رکھتی ہوں۔ اس چیز نے مجھے بڑا حوصلہ دیا۔
”تاہم ایک ایسا نقطۂانقلاب آیا جسے مَیں کبھی نہیں بھول سکتی۔ الفریڈو ابھی تک ہر اتوار کیتھولک ماس کیلئے جایا کرتا تھا اور جو کچھ مَیں یہوواہ کے گواہوں کیساتھ رہ کر رہی تھی اُسے اُس پر سخت اعتراض تھا۔ مَیں نے اُسکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا اور نہایت دھیمے مگر پُراعتماد لہجے میں کہا: ’الفریڈو میری اور آپکی سوچ میں بہت فرق ہے۔‘ یہ سُن کر اُس نے مجھے کچھ نہ کہا! اسکے کچھ ہی عرصہ بعد مَیں نے بپتسمہ لے لیا اور اب پانچ سال سے اُس نے کبھی مجھ پر ہاتھ نہیں اُٹھایا ہے۔“
مگر ابھی تو اَور تبدیلیاں واقع ہونی تھیں۔ الفریڈو بیان کرتا ہے: ”لورڈس کے بپتسمہ لینے کے تقریباً تین سال بعد، میرے ایک ساتھی کارکُن نے جو کہ یہوواہ کا گواہ ہے مجھے اپنے گھر مدعو کِیا اور اُس نے مجھے بائبل سے نہایت ہی حیرانکُن باتیں بتائیں۔ اپنی بیوی کو بتائے بغیر مَیں نے اُس کیساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کر دیا۔ تھوڑے عرصہ بعد مَیں لورڈس کیساتھ اجلاسوں پر جانے لگا۔ بہت سی تقاریر جو مَیں نے وہاں سنی اُن میں سے بیشتر خاندانی زندگی کی بابت تھیں اور اِن سے مجھے اکثر ندامت کا احساس ہوتا تھا۔“
الفریڈو کلیسیا کے اراکین، بالخصوص اجلاس کے بعد مردوں کو فرش صاف کرتے دیکھ کر بہت متاثر ہوا تھا۔ جب وہ اُنکے گھروں میں گیا تو اُس نے شوہروں کو برتن دھونے میں اپنی بیویوں کا ہاتھ بٹاتے دیکھا۔ اِن چھوٹے چھوٹے واقعات نے الفریڈو پر ظاہر کر دیا کہ حقیقی محبت کیسے ظاہر کی جا سکتی ہے۔
کچھ ہی عرصہ بعد، الفریڈو نے بھی بپتسمہ لے لیا، اب وہ اور اُس کی بیوی دونوں کُلوقتی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ لورڈس بیان کرتی ہے، ”وہ کھانے کے بعد اکثر میز صاف کرنے اور بستر بچھانے میں میری مدد کرتا ہے۔ وہ میرے کھانے کی تعریف کرتا ہے اور اُس نے مجھے موسیقی سننے اور گھر کا سازوسامان خریدنے کے سلسلے میں انتخاب کرنے کی بھی اجازت دے رکھی ہے۔ یہ چند ایسی باتیں ہیں جنکی اجازت الفریڈو نے پہلے کبھی نہیں دی تھی! حال ہی میں، وہ پہلی مرتبہ میرے لئے پھولوں کا گلدستہ بھی خرید کر لایا۔ بعضاوقات تو مجھے لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں!“
[صفحہ ۱۰ پر تصویر]
”مجھے احساس ہو گیا کہ خدا مجھے عزیز رکھتا ہے۔ اس سے مجھے حوصلہ ملا“
[صفحہ ۱۰ پر تصویر]
اُس نے شوہروں کو برتن دھونے میں اپنی بیویوں کی مدد کرتے دیکھا
[صفحہ ۱۰ پر تصویر]
الفریڈو اجلاس کے بعد مردوں سمیت کلیسیا کے اراکین کو فرش صاف کرتے دیکھ کر بہت متاثر ہوا
[صفحہ ۱۰ پر تصویر]
”حال ہی میں، اُس نے پہلی مرتبہ مجھے ایک گلدستہ خرید کر دیا“