سموئیل کی دوسری کتاب 9‏:1‏-‏13

  • مفیبوسَت کے لیے داؤد کی اٹوٹ محبت ‏(‏1-‏13‏)‏

9  پھر داؤد نے پوچھا:‏ ”‏کیا ساؤل کے گھرانے میں کوئی شخص باقی ہے جس کے لیے مَیں یونتن کی خاطر اٹوٹ محبت ظاہر کروں؟“‏ 2  ساؤل کے گھرانے کا ایک خادم تھا جس کا نام ضیبا تھا۔ ضیبا کو داؤد کے پاس بُلایا گیا اور داؤد نے اُس سے پوچھا:‏”‏ کیا آپ ضیبا ہو؟“‏ اُس نے جواب دیا:‏ ”‏جی، مَیں آپ کا خادم ضیبا ہوں۔“‏ 3  بادشاہ نے پوچھا:‏ ”‏کیا ساؤل کے گھرانے میں سے کوئی شخص باقی ہے جس کے لیے مَیں خدا کی اٹوٹ محبت ظاہر کر سکوں؟“‏ ضیبا نے بادشاہ کو جواب دیا:‏ ”‏یونتن کا ایک بیٹا زندہ ہے۔ وہ دونوں پاؤں سے معذور*‏ ہے۔“‏ 4  بادشاہ نے پوچھا:‏ ”‏کہاں ہے وہ؟“‏ ضیبا نے جواب دیا:‏ ”‏وہ لودبار میں عمی‌ایل کے بیٹے مکیر کے گھر میں ہے۔“‏ 5  بادشاہ داؤد نے فوراً اپنے آدمیوں کو لودبار بھیجا اور اُسے عمی‌ایل کے بیٹے مکیر کے گھر سے بُلوایا۔ 6  جب مفیبوسَت جو یونتن کے بیٹے اور ساؤل کے پوتے تھے، داؤد کے پاس آئے تو مفیبوسَت فوراً زمین پر گِر گئے اور مُنہ کے بل لیٹ گئے۔ داؤد نے کہا:‏ ”‏مفیبوسَت!‏“‏ جس پر اُنہوں نے جواب دیا:‏ ”‏جی میرے مالک!‏“‏ 7  داؤد نے اُن سے کہا:‏ ”‏گھبراؤ مت کیونکہ مَیں آپ کے والد یونتن کی خاطر آپ کے لیے اٹوٹ محبت ضرور ظاہر کروں گا۔ مَیں آپ کے دادا ساؤل کی ساری زمین آپ کو لوٹا دوں گا اور آپ ہمیشہ میری میز پر کھانا*‏ کھاؤ گے۔“‏ 8  اِس پر مفیبوسَت مُنہ کے بل لیٹ گئے اور کہنے لگے:‏ ”‏آپ کے خادم کی حیثیت ہی کیا ہے؟ آپ مجھ جیسے مرے ہوئے کُتے پر اِتنی مہربانی کیوں کر رہے ہیں؟“‏ 9  بادشاہ نے ساؤل کے خادم ضیبا کو بُلایا اور اُس سے کہا:‏ ”‏جو کچھ ساؤل کا اور اُن کے سارے گھرانے کا تھا، وہ مَیں آپ کے مالک کے پوتے کو دے رہا ہوں۔ 10  آپ، آپ کے بیٹے اور آپ کے خادم اِن کی زمین جوتیں گے اور اِس کی پیداوار اِکٹھی کریں گے تاکہ آپ کے مالک کے پوتے کے گھرانے کو کھانا ملے۔ لیکن آپ کے مالک کے پوتے مفیبوسَت ہمیشہ میری میز پر کھانا کھایا کریں گے۔“‏ ضیبا کے 15 بیٹے اور 20 خادم تھے۔ 11  ضیبا نے بادشاہ سے کہا:‏ ”‏آپ کا خادم وہ سب کرے گا جس کا میرے مالک بادشاہ سلامت نے اپنے خادم کو حکم دیا ہے۔“‏ مفیبوسَت بادشاہ کے بیٹوں کی طرح داؤد کی*‏ میز پر کھانا کھانے لگے۔ 12  مفیبوسَت کا ایک چھوٹا بیٹا تھا جس کا نام میکا تھا۔ ضیبا کے گھر میں رہنے والے سب لوگ مفیبوسَت کے خادم بن گئے۔ 13  مفیبوسَت یروشلم میں رہتے تھے کیونکہ وہ ہمیشہ بادشاہ کی میز پر کھانا کھایا کرتے تھے اور وہ دونوں پاؤں سے معذور تھے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏لنگڑا“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏روٹی“‏
یا شاید ”‏میری“‏