یسعیاہ 53:1-12
53 کون اُن باتوں پر ایمان لایا ہے جو اُس نے ہم سے سنی ہیں؟*
یہوواہ کی طاقت* کس پر ظاہر ہوئی ہے؟
2 وہ اُس* کے سامنے ایک کونپل کی طرح نکلے گا اور خشک زمین سے جڑ کی طرح پھوٹے گا۔
نہ تو اُس کا حُلیہ اِتنا اعلیٰ ہے اور نہ اُس کی کوئی شانوشوکت ہے؛
جب ہم اُسے دیکھتے ہیں تو اُس کی شکلوصورت ہمیں اُس کی طرف نہیں کھینچتی۔
3 لوگوں نے اُسے حقیر سمجھا اور اُس سے کنارہ کِیا؛
وہ تکلیف کو سمجھتا تھا اور بیماری سے واقف تھا۔
اُس کا چہرہ گویا ہم سے چھپا تھا۔*
اُسے حقیر سمجھا گیا اور ہم نے اُس کی کوئی قدر نہیں کی۔
4 بےشک اُس نے ہماری بیماریاں اپنے اُوپر اُٹھا لیں
اور ہماری تکلیفیں لے لیں۔
لیکن ہم نے سمجھا کہ خدا نے اُسے مصیبت میں مبتلا کِیا ہے، سزا دی ہے اور تکلیف پہنچائی ہے۔
5 مگر اُسے ہمارے گُناہوں کی وجہ سے چھیدا گیا؛
اُسے ہماری غلطیوں کی وجہ سے کچلا گیا۔
اُس نے خدا سے ہماری صلح* کی خاطر سزا سہی
اور اُس کے زخموں کی وجہ سے ہمیں شفا ملی۔
6 ہم سب بھیڑوں کی طرح بھٹک گئے؛
ہر کوئی اپنے اپنے راستے چل پڑا۔
لیکن یہوواہ نے ہم سب کے گُناہ اُس پر لاد دیے۔
7 اُس پر ظلم ڈھایا گیا اور وہ تکلیف سہتا رہا
لیکن اُس نے اپنا مُنہ نہیں کھولا۔
اُسے بھیڑ کی طرح ذبح کرنے کے لیے لایا گیا؛
جس طرح بھیڑ اُون کُترنے والوں کے سامنے خاموش ہوتی ہے
اُسی طرح اُس نے بھی اپنا مُنہ نہیں کھولا۔
8 اُسے ظلم* اور نااِنصافی کر کے لے جایا گیا۔
کون اُس کے حسبنسب* کے بارے میں تفصیل جاننا چاہے گا؟
کیونکہ اُسے زمین* سے مٹا دیا گیا؛
میرے بندوں کے گُناہ کی وجہ سے اُسے مارا* گیا۔
9 اُسے بُرے لوگوں کے ساتھ قبر دی گئی*
اور اُس کی موت پر اُسے امیروں* کے ساتھ دفنایا گیا
حالانکہ اُس نے کوئی بُرائی* نہیں کی تھی
اور نہ ہی اُس زبان پر کوئی دھوکادہی تھی۔
10 لیکن یہ یہوواہ کی مرضی تھی* کہ اُسے کچلے اور اُس نے اُسے تکلیف سہنے دی۔
اگر تُو اُس کی جان کو خطا کی قربانی کے طور پر دے گا
تو وہ اپنی نسل* کو دیکھے گا، اُس کی عمر لمبی ہوگی
اور اُس کے ذریعے یہوواہ کی مرضی* پوری ہوگی۔
11 وہ اپنے* دُکھ اُٹھانے کا نتیجہ دیکھ کر مطمئن ہوگا۔
میرے نیک بندے، ہاں، میرے خادم کے علم کے ذریعے بہت سے لوگ نیک ٹھہریں گے
اور وہ اُن کے گُناہ اُٹھا لے گا۔
12 اِس وجہ سے مَیں اُسے بہت سے لوگوں کے بیچ حصہ دوں گا
اور وہ طاقتوروں کے ساتھ لُوٹ کا مال بانٹے گا
کیونکہ اُس نے اپنی جان قربان کر دی*
اور اُسے گُناہگاروں میں شمار کِیا گیا۔
وہ بہت سے لوگوں کے گُناہ اُٹھا کر لے گیا
اور اُس نے گُناہگاروں کی خاطر سفارش کی۔
فٹ نوٹس
^ یا شاید ”جو ہم نے سنی ہیں؟“
^ لفظی ترجمہ: ”بازو“
^ ”اُس“ سے مُراد خدا یا کوئی اَور دیکھنے والا ہو سکتا ہے۔
^ یا شاید ”وہ ایسا شخص تھا جس سے لوگ مُنہ پھیر لیتے تھے۔“
^ یا ”اُس نے ہمارے امن“
^ یا ”مار ڈالا“
^ لفظی ترجمہ: ”زندوں کی زمین“
^ یا ”اُس کی زندگی“
^ یا ”اُسے رُکاوٹ ڈال کر“
^ یا ”کوئی اُسے بُرے لوگوں کے ساتھ اپنی قبر دے گا“
^ لفظی ترجمہ: ”ایک امیر آدمی“
^ یا ”ظلم“
^ یا ”لیکن یہوواہ کو اِس سے خوشی ملی“
^ لفظی ترجمہ: ”بیج“
^ یا ”خوشی“
^ لفظی ترجمہ: ”اپنی جان کے“
^ لفظی ترجمہ: ”موت تک اپنی جان اُنڈیل دی“