یسعیاہ 28‏:1‏-‏29

  • اِفرائیم کے شرابیوں پر افسوس!‏ ‏(‏1-‏6‏)‏

  • یہوداہ کے کاہن اور نبی لڑکھڑاتے ہیں ‏(‏7-‏13‏)‏

  • ‏”‏موت کے ساتھ عہد“‏ ‏(‏14-‏22‏)‏

    • صِیّون میں کونے کا قیمتی پتھر ‏(‏16‏)‏

    • یہوواہ کے غیرمعمولی کام ‏(‏21‏)‏

  • یہوواہ دانش‌مندی سے اِصلاح کرتا ہے ‏(‏23-‏29‏)‏

28  اِفرائیم کے شرابیوں کے نمائشی*‏ تاج*‏ پر افسوس اور اُس کی عالی‌شان خوب‌صورتی کے مُرجھاتے پھول پر بھی جو مے کے نشے میں دُھت لوگوں کی زرخیز وادی کے سر پر ہے!‏  2  دیکھو!‏ یہوواہ کسی کو بھیجے گا جو طاقت‌ور اور زورآور ہے۔‏ وہ اَولوں کی طوفانی بارش اور تباہ‌کُن آندھی کی طرح،‏ ہاں، طوفانی بارش اور طاقت‌ور سیلابی پانیوں کی طرح اُس تاج کو زور سے زمین پر پٹخ دے گا۔‏  3  اِفرائیم کے شرابیوں کے نمائشی*‏ تاجوں کو پیروں تلے روندا جائے گا۔‏  4  اُس کی عالی‌شان خوب‌صورتی کا مُرجھاتا پھول جو زرخیز وادی کے سر پر ہے،‏ اِنجیر کی اُس پہلی فصل کی طرح بن جائے گا جو گرمیوں سے پہلے ہوتی ہے۔‏ جب کوئی اُسے دیکھتا ہے تو ہاتھ میں پکڑتے ہی نگل جاتا ہے۔‏ 5  اُس دن فوجوں کا خدا یہوواہ اپنی قوم کے بچے ہوئے لوگوں کے لیے شان‌دار تاج اور پھولوں کا خوب‌صورت تاج بنے گا۔ 6  جو عدالت کرنے بیٹھے ہیں، وہ اُن میں اِنصاف کا جذبہ پیدا کرے گا*‏ اور جو شہر کے دروازے پر حملہ‌آوروں کا مقابلہ کرتے ہیں، وہ اُن کے لیے طاقت کا سرچشمہ بنے گا۔‏  7  کاہن اور نبی مے کی وجہ سے گمراہ ہو جاتے ہیں؛‏ وہ شراب کی وجہ سے لڑکھڑاتے ہیں؛ وہ شراب کی وجہ سے بھٹک جاتے ہیں؛‏ مے کی وجہ سے اُن کا دماغ کام نہیں کرتا؛‏ وہ شراب کی وجہ سے ڈگمگاتے ہیں؛‏ اُن کی رُویا اُنہیں بھٹکا دیتی ہے اور وہ فیصلے کرتے وقت ٹھوکر کھاتے ہیں  8  کیونکہ اُن کی میزیں غلیظ اُلٹیوں سے بھری ہیں،‏ کوئی بھی جگہ اِن سے خالی نہیں۔‏  9  وہ کہتے ہیں:‏ ”‏وہ کسے تعلیم دے گا؟‏ وہ کسے اپنا پیغام سمجھائے گا؟‏ کیا اُنہیں جن کا ابھی ابھی دودھ چھڑایا گیا ہے،‏ جنہیں ابھی ابھی ماؤں کی چھاتیوں سے الگ کِیا گیا ہے؟‏ 10  کیونکہ یہاں تو ”‏حکم پر حکم، حکم پر حکم؛‏ قانون پر قانون، قانون پر قانون ہے؛‏* تھوڑا یہاں ہے، تھوڑا وہاں ہے۔“‏“‏ 11  وہ اِس قوم سے اُن کے ذریعے بات کرے گا جو ہکلاتے ہیں اور غیرزبان بولتے ہیں۔ 12  ایک بار اُس نے اُن لوگوں سے کہا:‏ ”‏یہ آرام کرنے کی جگہ ہے۔ تھکا ہوا شخص یہاں آرام کرے؛ یہ تازہ‌دم کرنے والی جگہ ہے۔“‏ لیکن اُنہوں نے اُس کی نہیں سنی۔ 13  اِس لیے یہوواہ اُن سے کہے گا:‏ ‏”‏حکم پر حکم، حکم پر حکم؛‏ قانون پر قانون، قانون پر قانون ہے؛‏* تھوڑا یہاں ہے، تھوڑا وہاں ہے“‏ تاکہ جب وہ چلیں تو ٹھوکر کھا کر پیچھے گِر جائیں،‏ گھایل ہو جائیں اور پھنس کر پکڑے جائیں۔‏ 14  اِس لیے شیخی‌بازو!‏ یروشلم کی اِس قوم کے حاکمو!‏ یہوواہ کا کلام سنو 15  کیونکہ تُم لوگ کہتے ہو:‏ ‏”‏ہم نے موت کے ساتھ عہد باندھا ہے اور قبر*‏ کے ساتھ معاہدہ کِیا ہے۔‏* جب اچانک تیز رفتار سیلاب آئے گا تو وہ ہم تک نہیں پہنچے گا کیونکہ ہم نے جھوٹ کو اپنی پناہ‌گاہ بنایا ہے اور خود کو غلط‌بیانی کی آڑ میں چھپایا ہے۔“‏ 16  اِس لیے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ فرماتا ہے:‏ ‏”‏مَیں صِیّون میں بنیاد کے طور پر پرکھا ہوا پتھر رکھ رہا ہوں،‏ ہاں، مضبوط بنیاد کا کونے کا قیمتی پتھر۔‏ جو کوئی ایمان ظاہر کرے گا، گھبرائے گا نہیں۔‏ 17  مَیں اِنصاف کو ناپنے کی ڈوری بناؤں گا اور نیکی کو ساہول۔‏* اَولے جھوٹ کی پناہ‌گاہ کو ڈھا دیں گے اور پانی چھپنے کی جگہ کو ڈبو دیں گے۔‏ 18  موت کے ساتھ تمہارا عہد ختم ہو جائے گا اور قبر*‏ کے ساتھ تمہارا معاہدہ قائم نہیں رہے گا۔‏ جب اچانک تیز رفتار سیلاب آئے گا تو تُم تہس‌نہس ہو جاؤ گے۔‏ 19  وہ جب جب آئے گا،‏ تمہیں بہا لے جائے گا کیونکہ وہ ہر صبح اور دن اور رات میں آئے گا۔‏ وہ اُس پیغام کو دہشت‌زدہ ہو کر ہی سمجھیں گے جو سنایا گیا تھا“‏* 20  کیونکہ پلنگ پاؤں پھیلانے کے لیے بہت چھوٹا ہے اور چادر اوڑھنے کے لیے بہت چھوٹی ہے۔‏ 21  یہوواہ اُٹھے گا جیسے وہ کوہِ‌پِراضیم پر اُٹھا تھا؛‏ وہ اُٹھ کھڑا ہوگا جیسے جِبعون کے قریب وادی میں ہوا تھا تاکہ اپنا کام کرے جو کہ عجیب ہوگا اور اپنا کام پورا کرے جو کہ غیرمعمولی ہوگا۔‏ 22  مذاق مت اُڑاؤ تاکہ تمہاری زنجیریں اَور نہ کَسی جائیں کیونکہ مَیں نے حاکمِ‌اعلیٰ یعنی فوجوں کے خدا یہوواہ سے سنا ہے کہ پورے ملک*‏ کو تباہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔‏ 23  میری بات پر کان لگاؤ؛‏ دھیان دو اور سنو کہ مَیں کیا کہہ رہا ہوں۔‏ 24  کیا ہل چلانے والا بیج بونے سے پہلے سارا دن ہل چلاتا رہتا ہے؟‏ کیا وہ مسلسل مٹی کے ڈھیلے توڑتا اور اِس پر سہاگا*‏ چلاتا ہے؟‏ 25  جب وہ زمین کو ہموار کر لیتا ہے تو کیا وہ کالا زیرہ نہیں بکھیرتا اور زیرہ نہیں بوتا؟‏ کیا وہ گندم، باجرے اور جَو کو اُن کی جگہ پر اور چینا*‏ کو کناروں پر نہیں بوتا؟‏ 26  خدا اِنسان کو صحیح طریقے سے سکھاتا ہے؛‏* اُس کا خدا اُسے تعلیم دیتا ہے 27  کیونکہ کالے زیرے کو ہینگے*‏ سے نہیں مسلا جاتا اور زیرے پر گاڑی کا پہیا نہیں چلایا جاتا بلکہ کالے زیرے کو ڈنڈے سے اور زیرے کو چھڑی سے کوٹا جاتا ہے۔‏ 28  کیا ایک شخص روٹی کے لیے اناج کو مسلسل پیستا ہے؟‏ نہیں وہ اِسے مسلسل نہیں گاہتا۔‏* اور جب وہ اِس پر گھوڑوں سے اناج گاہنے والی گاڑی کا پہیا چلاتا ہے تو وہ اِسے کچل نہیں ڈالتا۔‏ 29  یہ باتیں بھی فوجوں کے خدا یہوواہ کی طرف سے ہیں جس کا مقصد*‏ شان‌دار ہے اور جس کی کامیابیاں عظیم ہیں۔‏*

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏گھمنڈی“‏
ایسا لگتا ہے کہ یہاں دارالحکومت سامریہ کی بات ہو رہی ہے۔‏
یا ”‏گھمنڈی“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏وہ اُن کے لیے اِنصاف کی روح بنے گا“‏
یا ”‏ناپنے کی ڈوری پر ناپنے کی ڈوری، ناپنے کی ڈوری پر ناپنے کی ڈوری ہے؛“‏
یا ”‏ناپنے کی ڈوری پر ناپنے کی ڈوری، ناپنے کی ڈوری پر ناپنے کی ڈوری ہے؛“‏
عبرانی لفظ‏:‏ ”‏شیول۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا شاید ”‏کے ساتھ رُویا دیکھی ہے۔“‏
مستریوں کا ایک آلہ جس کے ذریعے یہ دیکھا جاتا ہے کہ ایک دیوار سیدھی ہے یا نہیں
عبرانی لفظ‏:‏ ”‏شیول۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا شاید ”‏جب وہ سمجھیں گے تو شدید دہشت کا شکار ہو جائیں گے“‏
یا ”‏پوری زمین“‏
اِسے مٹی کے ڈھیلے توڑنے اور زمین کو ہموار کرنے کے لیے اِستعمال کِیا جاتا تھا۔‏
ایک قسم کا معمولی اناج
یا ”‏کی صحیح طریقے سے اِصلاح کرتا ہے؛ کو صحیح طریقے سے سزا دیتا ہے؛“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏گاہنا“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏گاہنا“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏اِرادہ“‏
یا ”‏جس کی حقیقی دانش‌مندی عظیم ہے۔“‏