یسعیاہ 19:1-25
19 مصر کے خلاف ایک پیغام:
دیکھو! یہوواہ ایک تیزرفتار بادل پر سوار ہے اور مصر آ رہا ہے۔
مصر کے فضول خدا اُس کے حضور تھرتھر کانپیں گے
اور مصر کا دل پگھل جائے گا۔
2 ”مَیں مصریوں کو مصریوں کے خلاف اُکساؤں گا
اور وہ ایک دوسرے سے لڑیں گے؛
ہر کوئی اپنے بھائی اور اپنے پڑوسی سے لڑے گا؛
شہر شہر کے خلاف لڑے گا اور بادشاہت بادشاہت کے خلاف۔
3 مصر* بوکھلا جائے گا
اور مَیں اُس کے منصوبے ناکام کر دوں گا۔
وہ فضول خداؤں، منتر پڑھنے والوں، مُردوں سے رابطہ کرنے کا دعویٰ کرنے والوں
اور مستقبل کا حال بتانے والوں سے رُجوع کریں گے۔
4 مَیں مصر کو ایک سخت مالک کے حوالے کر دوں گا
اور ایک ظالم بادشاہ اُس پر حکمرانی کرے گا۔“ یہ بات سچے مالک یعنی فوجوں کے خدا یہوواہ نے فرمائی ہے۔
5 سمندر کا پانی سُوکھ جائے گا
اور دریا خشک ہو کر خالی ہو جائے گا۔
6 دریاؤں سے بدبو آئے گی؛
مصر کے دریائےنیل کی نہروں کا پانی کم ہو جائے گا اور وہ سُوکھ جائیں گی۔
سرکنڈے اور نرسل* مُرجھا جائیں گے۔
7 دریائےنیل کے کنارے، ہاں، اُس کے دہانے پر موجود ہریالی
اور اُس کے آسپاس کی وہ ساری زمین سُوکھ جائے گی جس میں بیج بوئے گئے ہیں۔
وہ ختم ہو جائے گی اور باقی نہیں رہے گی۔
8 مچھیرے ماتم کریں گے؛
دریائےنیل میں مچھلی پکڑنے کے کانٹے لگانے والے سوگ منائیں گے
اور پانی پر جال پھیلانے والوں کی تعداد کم ہو جائے گی۔
9 سَن کے ریشوں سے کام کرنے والوں
اور کھڈی سے سفید کپڑا بنانے والوں کو شرمندہ کِیا جائے گا۔
10 اُس کے جُلاہے بالکل ٹوٹ جائیں گے؛
سب مزدور غم کریں گے۔
11 ضُعن کے حاکم بےوقوف ہیں۔
فِرعون کے سب سے دانشمند مُشیر بےوقوفی سے بھرے مشورے دیتے ہیں۔
تو پھر تُم فِرعون سے کیسے کہہ سکتے ہو:
”مَیں دانشمندوں کی اولاد ہوں؛
مَیں قدیم بادشاہوں کی نسل سے ہوں“؟
12 اب تیرے دانشمند آدمی کہاں ہیں؟
اگر وہ جانتے ہیں کہ فوجوں کے خدا یہوواہ نے مصر کے بارے میں کیا فیصلہ کِیا ہے تو وہ تجھے بتائیں۔
13 ضُعن کے حاکموں نے بےوقوفی سے کام لیا ہے؛
نوف* کے حاکموں کو دھوکا دیا گیا ہے؛
مصر کو اُس کے قبیلوں کے سرداروں نے گمراہ کر دیا ہے۔
14 یہوواہ نے اُس پر بوکھلاہٹ کی روح اُنڈیلی ہے؛
اُنہوں نے اُسے ہر کام میں ایسے گمراہ کر دیا ہے
جیسے ایک شرابی اپنی ہی اُلٹی میں لڑکھڑا رہا ہو۔
15 مصر کے پاس کوئی کام نہیں ہوگا،
نہ تو اُس کے سر اور دم کے پاس اور نہ ہی اُس کی شاخ اور لمبی گھاس* کے پاس۔
16 اُس دن مصر عورتوں کی طرح بن جائے گا۔ وہ تھرتھر کانپے گا اور خوفزدہ ہو جائے گا کیونکہ فوجوں کا خدا یہوواہ اُس کے خلاف اپنا ہاتھ چلائے گا۔
17 یہوداہ کا ملک مصر کے لیے دہشت کی علامت بن جائے گا۔ وہ اُس فیصلے کی وجہ سے اُس کا نام سنتے ہی خوفزدہ ہو جائیں گے جو فوجوں کے خدا یہوواہ نے اُن کے خلاف کِیا ہے۔
18 اُس دن مصر کے پانچ شہر کنعان کی زبان بولیں گے اور فوجوں کے خدا یہوواہ سے وفاداری کی قسم کھائیں گے۔ اُن میں سے ایک شہر ڈھا دینے والا شہر کہلائے گا۔
19 اُس دن مصر کے بیچ میں یہوواہ کے لیے ایک قربانگاہ ہوگی اور اُس کی سرحد پر یہوواہ کے لیے ایک ستون۔
20 یہ مصر میں فوجوں کے خدا یہوواہ کے بارے میں ایک نشانی اور ایک گواہی ہوگی کیونکہ وہ ظالموں کی وجہ سے یہوواہ کے حضور دُہائی دیں گے اور وہ اُن کے لیے ایک نجاتدہندہ، ہاں، ایک عظیم ہستی بھیجے گا جو اُنہیں بچائے گی۔
21 اُس دن یہوواہ مصریوں پر ظاہر کرے گا کہ وہ کیسی ہستی ہے اور مصری یہوواہ کو جان جائیں گے۔ وہ یہوواہ کے حضور قربانیاں اور نذرانے پیش کریں گے اور منت مانیں گے اور اُسے پورا کریں گے۔
22 یہوواہ مصر کو مارے گا، ہاں، وہ اُسے مارے گا اور شفا دے گا۔ وہ یہوواہ کی طرف لوٹیں گے اور وہ اُن کی اِلتجائیں سنے گا اور اُنہیں شفا دے گا۔
23 اُس دن مصر سے اسور تک ایک شاہراہ ہوگی۔ پھر اسور مصر آئے گا اور مصر اسور جائے گا اور مصر اسور کے ساتھ مل کر خدا کی عبادت کرے گا۔
24 اُس دن اِسرائیل مصر اور اسور کے ساتھ تیسرا فریق ہوگا اور زمین کے لیے ایک برکت ہوگا
25 کیونکہ فوجوں کا خدا یہوواہ یہ کہتے ہوئے اُنہیں برکت دے گا: ”میری قوم مصر، میرے ہاتھوں کے کام اسور اور میری وراثت اِسرائیل کو برکت ملے۔“
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”مصر کی روح“
^ ایک قسم کی لمبی گھاس
^ یا ”میمفِس“
^ یا شاید ”کھجور کی شاخ اور سرکنڈے“