زبور 63:1-11
داؤد کا نغمہ۔ یہ نغمہ اُس وقت کا ہے جب داؤد یہوداہ کے ویرانے میں تھے۔
63 اَے خدا! تُو میرا خدا ہے؛ مَیں تجھے ڈھونڈتا رہتا ہوں۔
میری جان تیری پیاسی ہے۔
اِس خشک اور بنجر زمین میں جہاں ایک قطرہ بھی پانی نہیں،مَیں تیرے لیے ترس ترس کر نڈھال ہو گیا ہوں۔
2 مَیں نے تجھے مُقدس جگہ میں دیکھااور مجھے تیری طاقت اور شان نظر آئی۔
3 تیری اٹوٹ محبت زندگی سے بہتر ہے۔اِس لیے میرے ہونٹ تیری تعظیم کریں گے۔
4 مَیں ساری زندگی تیری بڑائی کروں گا؛مَیں ہاتھ اُٹھا کر تیرا نام پکاروں گا۔
5 مَیں* بہترین اور عمدہ حصہ* پا کر مطمئن ہوں۔اِس لیے میرے لب خوشی سے تیری بڑائی کریں گے۔
6 مَیں اپنے بستر پر تجھے یاد کرتا ہوں؛مَیں ساری ساری رات تیرے بارے میں سوچ بچار کرتا ہوں
7 کیونکہ تُو میرا مددگار ہے؛مَیں تیرے پَروں کے سائے تلے خوشی سے للکاروں گا۔
8 مَیں* تجھ سے لپٹا رہتا ہوں؛تیرا دایاں ہاتھ مجھے مضبوطی سے تھامے رہتا ہے۔
9 لیکن جو لوگ میری جان لینے پر تُلے ہیں،وہ زمین کی گہرائیوں میں دفن ہو جائیں گے۔
10 اُنہیں تلوار کے حوالے کر دیا جائے گا؛وہ گیدڑوں* کی خوراک بن جائیں گے۔
11 مگر بادشاہ خدا کی وجہ سے خوش ہوگا۔
خدا کے نام کی قسم کھانے والا ہر شخص خوشی منائے گا*کیونکہ جھوٹ بولنے والوں کے مُنہ بند کر دیے جائیں گے۔
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”میری جان“
^ لفظی ترجمہ: ”چربی اور چربی والے حصے“
^ لفظی ترجمہ: ”میری جان“
^ یا ”لومڑیوں“
^ یا ”فخر کرے گا“