زبور 6:1-10
موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو شمینیت* کے مطابق بجائے جانے والے تاردار سازوں کے ساتھ گایا جائے۔ داؤد کا نغمہ۔
6 اَے یہوواہ! غصے میں مجھے نہ ڈانٹاور قہر میں میری اِصلاح نہ کر۔
2 اَے یہوواہ! مجھ پر مہربانی* کر کیونکہ مَیں کمزور ہوتا جا رہا ہوں۔
اَے یہوواہ! مجھے شفا دے کیونکہ میری ہڈیاں کانپ رہی ہیں۔
3 مَیں* بہت پریشان ہوں۔اَے یہوواہ! مجھے بتا کہ یہ سب کب تک چلتا رہے گا؟
4 اَے یہوواہ! آ کر مجھے* چھڑا لے۔اپنی اٹوٹ محبت کی خاطر مجھے بچا لے
5 کیونکہ مرنے کے بعد کوئی تیرا ذکر* نہیں کر سکتا۔بھلا قبر* میں کون تیری بڑائی کرے گا؟
6 مَیں آہیں بھرتے بھرتے تھک چُکا ہوں؛مَیں ساری ساری رات اپنا بستر آنسوؤں سے بھگوتا رہتا ہوں؛میرا پلنگ آنسوؤں کے سیلاب میں ڈوب جاتا ہے۔
7 غم کے مارے میری آنکھیں کمزور ہو گئی ہیں؛اذیت دینے والوں کی وجہ سے یہ دُھندلا گئی ہیں۔
8 بُرے کام کرنے والو! تُم سب مجھ سے دُور ہو جاؤکیونکہ یہوواہ میرے رونے کی آواز ضرور سنے گا۔
9 یہوواہ میری فریاد سُن کر مجھ پر مہربانی کرے گا؛یہوواہ میری دُعا قبول فرمائے گا۔
10 میرے سب دُشمنوں کو شرمندگی اور خوف کا سامنا کرنا پڑے گا؛وہ اچانک سے رُسوا ہو کر اُلٹے پاؤں بھاگ جائیں گے۔
فٹ نوٹس
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا ”رحم“
^ لفظی ترجمہ: ”میری جان“
^ لفظی ترجمہ: ”میری جان کو“
^ یا ”تجھے یاد“
^ عبرانی لفظ: ”شیول۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔