باب 20
یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی ہماری پیشوائی کیسے کرتی ہے؟
پہلی صدی عیسوی میں یروشلیم میں ”رسولوں اور بزرگوں“ کی ایک جماعت تھی جو تمام ممسوح مسیحیوں کی پیشوائی کرتی تھی اور اہم معاملوں کے بارے میں فیصلہ کرتی تھی۔ (اعمال 15:2) کسی معاملے پر فیصلہ کرنے سے پہلے وہ اِس بات پر غور کرتے تھے کہ پاک صحیفوں میں اِس سلسلے میں کیا لکھا ہے۔ اِس کے بعد وہ خدا کی پاک روح کی رہنمائی کے مطابق فیصلہ کرتے تھے۔ (اعمال 15:25) آج یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی بھی اِسی مثال پر عمل کرتی ہے۔
خدا اِسے اپنی مرضی پوری کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ جو بھائی گورننگ باڈی کے رُکن ہیں، وہ ایسے ممسوح مسیحی ہیں جو خدا کے کلام کا گہرا مطالعہ کرتے ہیں۔ وہ کلیسیاؤں کی پیشوائی کرنے اور پاک کلام کے اصولوں کے مطابق فیصلے کرنے میں بڑا تجربہ رکھتے ہیں۔ گورننگ باڈی ہر ہفتے جمع ہوتی ہے اور دُنیابھر میں یہوواہ کے گواہوں کی ضروریات پر غور کرتی ہے۔ پھر وہ پاک کلام سے کلیسیاؤں کو ہدایات مہیا کرتی ہے۔ پہلی صدی عیسوی کی طرح وہ اِن ہدایات کو خطوں اور سفری نگہبانوں کے ذریعے کلیسیاؤں تک پہنچاتی ہے۔ اِس کے نتیجے میں یہوواہ خدا کے سب خادم ایک جیسی تعلیم پاتے ہیں اور ایک جیسا کام کرتے ہیں۔ (اعمال 16:4، 5) گورننگ باڈی روحانی خوراک کو تیار کرنے کے کام کی نگرانی کرتی ہے اور بادشاہت کی مُنادی کے کام کو فروغ دیتی ہے۔ اِس کے علاوہ گورننگ باڈی کی نگرانی میں ایسے بھائیوں کو بھی مقرر کِیا جاتا ہے جو ہماری تنظیم میں ذمہداریاں سنبھالتے ہیں۔
وہ خدا کی پاک روح کی رہنمائی پر چلتی ہے۔ گورننگ باڈی مانتی ہے کہ یہوواہ خدا کائنات کا حاکم ہے اور یسوع مسیح کلیسیا کے سربراہ ہیں۔ اِس لئے وہ ہر معاملے میں یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کی رہنمائی حاصل کرتی ہے۔ (1-کرنتھیوں 11:3؛ افسیوں 5:23) گورننگ باڈی کے رُکن خود کو خدا کے بندوں کے سربراہ نہیں سمجھتے۔ وہ باقی ممسوح مسیحیوں کی طرح ”میمنے [یعنی یسوع مسیح] کے پیچھے پیچھے جاتے ہیں۔“ (مکاشفہ 14:4) گورننگ باڈی اِس بات کے لئے بہت شکرگزار ہے کہ ہم اُس کے لئے دُعا کرتے ہیں۔
-
پہلی صدی عیسوی میں مسیحیوں کی پیشوائی کون کرتے تھے؟
-
آجکل یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کس طرح خدا کی رہنمائی حاصل کرتی ہے؟