بچے کیلئے مالش کی اہمیت
بچے کیلئے مالش کی اہمیت
سپین سے جاگو! کا نامہنگار
نائیجیریا کی رہنے والی ایک نوجوان ماں، انیتا اپنی بچی کو نہلاتی اور پھر بڑے احتیاط کے ساتھ مالش کرتی ہے۔ اس سے ماں اور بچی دونوں بہت خوش ہوتی ہیں۔ انیتا کا کہنا ہے کہ ”نائیجیریا میں بچوں کی دیکھبھال میں اُنہیں مالش کرنا بھی شامل ہے۔ میری ماں بھی مجھے اور میرے چھوٹے بھائیوں کو مالش کِیا کرتی تھی۔ مالش بچے کے پٹھوں کو مضبوط کرنے اور اُسے آراموسکون پہنچانے کا شاندار طریقہ ہے۔ اپنی بچی کی مالش کرتے وقت جب مَیں گنگناتی اور اُس کے ساتھ باتیں کرتی ہوں تو وہ آگے سے مسکراتی اور غوںغوں کی آوازیں نکالتی ہے۔ مالش کرنا ماں اور بچے دونوں کے لئے ایک خوشکُن موقع ہے!“
بہت سے ملکوں میں بچوں کو مالش کرنے کا رواج ہے اور اب یہ مغربی ممالک میں بھی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ بچوں کی مالش کے سلسلے میں سپین کی ایک تنظیم کے مطابق، مالش خوشگوار، نرمولطیف اور مہارت کا تقاضا کرنے والا ایک فن ہے۔ اس کی مدد سے بچے بڑی حد تک والدین کے جذبات کو محسوس کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ اس میں بچے کے پاؤں، ٹانگوں، پیٹھ، سینے، پیٹ، بازوؤں اور چہرے پر دھیرے دھیرے ہاتھ پھیرنا بھی شامل ہے۔
مالش کا بچے کو کیا فائدہ ہوتا ہے؟ سب سے بڑھکر اُسے محبت اور شفقت کا احساس ہوتا ہے۔ ایک نومولود کو نہ صرف دُودھ بلکہ والدین کی طرف سے شفقت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ چونکہ بچے کے اندر محسوس کرنے کی حس بہت جلد پیدا ہو جاتی ہے اس لئے ماں یا باپ کا ہلکے ہلکے ہاتھوں سے مالش کرنا بچے کو محبت کا احساس دلانے کا ایک انوکھا طریقہ ہے۔ اس کے ذریعے بچہ جسمانی اور جذباتی طور پر بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ پس مالش کرنا پیدائش کے وقت ہی سے والدین اور بچے کے درمیان محبت کے بندھن کو مضبوط کرنے میں مدد دیتا ہے۔
محبت ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ، مالش بچے کو سکون سے لیٹنا بھی سکھا سکتی ہے۔ اس کی مدد سے وہ زیادہ دیر تک گہری نیند سو سکتا ہے اور اُسے زیادہ تھکن بھی محسوس نہیں ہوتی۔ پٹھوں کو مضبوط کرنے کے علاوہ، مالش اُس کے جسم میں دورانِخون کو تیز کرتی، اُس کے ہاضمہ کو مضبوط بناتی اور سانس لینے کے عمل کو بھی بہتر بناتی ہے۔ بعض لوگوں کا دعویٰ ہے کہ مالش کے ذریعے بچے کے اندر مختلف بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت بھی پیدا ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، مالش کے ذریعے بچے کے چُھونے، دیکھنے اور سننے کی حس تیز ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ یاد رکھنے اور سیکھنے کی اُس کی صلاحیت کو بھی بہتر بناتی ہے۔
بعض ہسپتالوں نے بھی بچے کو مالش کرنے کے فوائد کا جائزہ لیا ہے۔ مثال کے طور پر، ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ وقت سے پہلے پیدا ہو جانے والے بچے جن کو مالش کی گئی وہ مالش نہ کئے جانے والے بچوں سے ایک ہفتہ پہلے ہسپتال سے گھر جانے کے قابل ہو گئے تھے۔ جن بچوں کی مالش کی گئی اُن کی وزن بڑھنے کی شرح بھی دوسرے بچوں کی نسبت ۴۷ فیصد زیادہ تھی۔
پس واضح ہو گیا کہ بچے اور بڑے دونوں مالش سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں! بیشک بچوں میں مالش کی اہمیت کہیں زیادہ ہے۔ مسکراتے چہرے اور نرموملائم ہاتھوں کے ساتھ بچے کو مالش کرنا اُس کے لئے محبت ظاہر کرنے کا ایک عمدہ طریقہ ہے۔