اُنہوں نے میرے کُتوں کو بسکٹ دیے
امریکہ کی ریاست اوریگون سے نکولس نام کے ایک آدمی نے لکھا: ”2014ء میں جب بہار کا موسم چل رہا تھا تو ایک مرتبہ مَیں اپنے دو کُتوں کو واک پر لے کر گیا۔ جب مَیں شہر کے بیچ پہنچا تو مَیں نے یہوواہ کے گواہوں کو دیکھا جو اکثر وہاں اپنی کتابوں اور رسالوں کی ٹرالی لگا کر کھڑے ہوتے تھے۔ اُنہوں نے بہت صاف ستھرے اور اچھے کپڑے پہنے ہوئے تھے اور وہ وہاں سے گزرنے والے ہر شخص کو مسکرا کر دیکھ رہے تھے۔
وہ یہوواہ کے گواہ صرف لوگوں سے ہی پیار سے بات نہیں کرتے تھے بلکہ وہ میرے کُتوں کے ساتھ بھی بڑے پیار سے پیش آئے۔ ایک دن ایلین نام کی یہوواہ کی گواہ اپنی کتابوں والی ٹرالی کے پاس کھڑی تھیں۔ اُنہوں نے میرے دو کُتوں کو کچھ بسکٹ دیے۔ اِس کے بعد سے مَیں جب بھی وہاں سے گزرتا تھا تو میرے کتّے اُن کی طرف دوڑے چلے جاتے تھے۔
ایسے ہی مہینے گزرتے گئے۔ گواہ میرے کُتوں کو بسکٹ دیتے تھے اور اِس دوران ہماری تھوڑی بہت باتچیت ہو جاتی تھی۔ مَیں اُن سے زیادہ دوستی نہیں بڑھانا چاہتا تھا۔ میری عمر 70 سال سے زیادہ تھی اور مجھے نہیں پتہ تھا کہ گواہوں کے عقیدے کیا ہیں۔ ویسے بھی بہت سے چرچوں سے میرا دل اُٹھ گیا تھا اور مَیں نے سوچا تھا کہ مَیں خود ہی بائبل کا مطالعہ کروں گا۔
اِسی دوران مَیں نے شہر کے دوسرے علاقوں میں کچھ اَور گواہوں کو بھی دیکھا جو اپنی کتابوں اور رسالوں والی ٹرالی لگا کر کھڑے تھے۔ وہ بھی ہمیشہ دوسروں کے ساتھ پیار سے پیش آتے تھے۔ وہ میرے ہر سوال کا جواب بائبل سے دیتے تھے۔ اِس طرح اُن پر میرا بھروسا بڑھنے لگا۔
ایک دن ایلین نے مجھ سے پوچھا: ”کیا آپ مانتے ہیں کہ جانور خدا کی طرف سے تحفہ ہیں؟“ مَیں نے جواب دیا: ”جی بالکل!“ پھر ایلین نے مجھے بائبل سے یسعیاہ 11:6-9 پڑھ کر سنائیں۔ تب سے میرے دل میں بائبل کے بارے میں اَور زیادہ سیکھنے کی خواہش بڑھی۔ لیکن مَیں ابھی بھی گواہوں کی کوئی کتاب یا رسالہ نہیں لینا چاہتا تھا۔
اُس دن کے بعد سے مَیں ایلین اور اُن کے شوہر برینٹ کے ساتھ بائبل سے کچھ دلچسپ موضوعات پر تھوڑی دیر کے لیے بات کرنے لگا۔ اُنہوں نے مشورہ دیا کہ مَیں متی سے اعمال تک پڑھوں تاکہ مَیں یہ سمجھ پاؤں کہ سچا مسیحی ہونے کا کیا مطلب ہے۔ مَیں نے ایسا ہی کِیا۔ اور اِس کے تھوڑے ہی وقت بعد مَیں برینٹ اور ایلین سے بائبل کورس کرنے لگا۔ یہ 2016ء کی بات ہے۔
مجھے ہر ہفتے بائبل کورس کرنا اور گواہوں کی عبادتوں پر جانا بہت اچھا لگتا تھا۔ مَیں بائبل سے جو کچھ سیکھ رہا تھا، اُس سے مجھے بہت خوشی مل رہی تھی۔ اِس لیے تقریباً ایک سال بعد مَیں نے یہوواہ کے گواہ کے طور پر بپتسمہ لے لیا۔ اب مَیں 79 سال کا ہوں اور یہوواہ کا بہت شکرگزار ہوں کہ اُس نے سچا مذہب ڈھونڈنے میں میری مدد کی۔ یہ اُس کی برکت ہے کہ اُس نے مجھے اپنے بندوں میں شامل ہونے کا موقع دیا۔“